• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شاہد حامدقتل:ملزم منہاج کو بیوی اور بیٹے نے شناخت کرلیا

Shahid Hamids Wife And Son Identified Suspect Minhaj
کے ای ایس سی کے سابق ایم ڈی شاہد حامد قتل کیس کے ملزم منہاج قاضی کو 2گواہوں نے شناخت کرلیا۔ ملزم کو شناخت پریڈ کے لیے کراچی کی مقامی عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔

سابق ایم ڈی کے ای ایس سی شاہد حامد قتل کے ملزم منہاج قاضی کو جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی انیس الرحمٰن برڑو کی عدالت میں پیش کیاگیا۔

شناخت پریڈ کے دوران ملزم کو شاہد حامد کی اہلیہ شہناز حامد اور بیٹے عمر شاہد نے شناخت کرلیا۔

ملزم منہاج قاضی 90 روز کی نظر بندی پر رینجرز کی تحویل میں بھی رہ چکا ہے۔

شاہد حامد قتل کیس میں مرکزی ملزم صولت مرزا کو پھانسی دی جا چکی ہے۔ دونوں ملزمان کا تعلق ایم کیو ایم سے ہے۔

شاہد حامد کو 5 جولائی 1997 کو کراچی کے علاقے ڈیفنس میں قتل کردیا گیا تھا۔شاہد حامد کی اہلیہ نے ڈیفنس تھانے میں مقدمہ درج کرایا تھا۔

مرکزی ملزم صولت مرزاکو 1999 میں بینکاک سے واپسی پر ایئر پورٹ سے گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا تھا۔ شاہد حامد قتل کیس میں صولت مرزا سمیت دیگر 6 ملزمان کو نامزد کیاگیا تھا۔
تازہ ترین