• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوئٹہ:پولیس ٹرک کے قریب دھماکا، ایک اہلکار شہید 17 زخمی

کوئٹہ ( نمائندہ جنگ)کوئٹہ میں سریاب روڈ پرپولیس ٹرک کے قریب موٹرسائیکل میں دھماکے سے ایک اہلکار شہید آٹھ اہلکاروں سمیت 17افراد زخمی ہو گئے،پولیس اہلکار یونیورسٹی کے سامنے بی ایس او کے کارکنوں کی سیکورٹی کیلئے تعینات تھے، دھماکے کے بعد بھگڈر مچ گئی، 6 کلو دھماکہ خیز مواد نصب کیا تھا ۔ 

سول ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ۔پولیس اہلکار بلوچستان یونیوسٹی کے سامنے بی ایس او کے دھرنے کی سیکورٹی کیلئے کھڑے تھے۔ گورنر ٗ وزیر اعلیٰ ٗ اسپیکر ٗ صوبائی وزرا اور ارکان اسمبلی نے دھماکے کی مذمت کی ہے ۔ 

پولیس کے مطابق بلوچستان یونیوسٹی کے سامنے بی ایس او کے کارکنوں نے اپنے مطالبات کے حق میں دھرنا دیا ہوا تھا دھرنے کی سیکورٹی کیلئے پولیس کی بھاری نفری تعینات تھی۔ پیر کی شام کو دھرنے کے شرکاسریاب روڈ سے جی پی او چوک میں جاری ہوشاب میں بم دھماکے میں شہید ہونے والے دو بچوں کے لواحقین سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلی کی صورت میں روانہ ہوئے۔

اسی دوران نامعلوم شخص نے موٹرسائیکل ٹرک کے قریب کھڑی کر کے فرار ہو گیا ۔

جب پولیس اہلکار ریلی کی سیکورٹی کیلئے پولیس ٹرک میں سوار ہو رہے تھے تو موٹرسائیکل میں نصب بم زور دار دھماکے سے پھٹ کیا جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار نعمت اللّٰہ موقع پر شہید ہو گیا۔

جبکہ13پولیس اہلکار میر خان ٗ محمود خان ٗ ندیم احمد ٗ بابر مقبول ٗ خلیل احمد ٗ شاہ فیصل ٗ محمد اسلم ٗ محمد عمر ٗ مجیب اللّٰہ ٗ عبدالمالک ٗ عطا اللّٰہ ٗ راحیل احمد ٗ کامران خان سمیت چار راہگیر ڈاکٹر نظام الدین ٗ محمد حسین ٗ شہریار ٗ محمد رفیق زخمی ہو گئے۔

تازہ ترین