• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایم پیز کے خلاف ٹیرر تھریٹ کی سطح کو ماڈریٹ سے بڑھاکر خاصا کردیا گیا، پریتی پٹیل

لندن (پی اے) حکومت نے ریویو کے بعد اعلان کیا ہے کہ ایم پیز کو درپیش ٹیرر تھریٹ کی سطح کو موجودہ ماڈریٹ سے بڑھا کر خاصا کر دیا گیا ہے۔ ہوم سیکرٹری پریتی پٹیل نے کامنز کو بتایا کہ پولیس اور انٹیلی جنس سروسز اپنے سیکورٹی انتظامات میں اس تبدیلی کو مناسب طور پر دکھائیں گے لیکن انہوں نےمزید کہاکہ کسی مخصوص خطرے کی کوئی قابل اعتماد معلومات نہیں ہیں۔ حکومت کی جانب سے ٹیر تھریٹ لیول میں یہ تبدیلی کنزرویٹیو ایم پی سر ڈیوڈ ایمز کے قتل کے بعد کی گئی ہے جن کو گزشتہ ہفتے ایسیکس میں چاقو کے پے درپےوار کر کے اس وقت ہلاک کر دیا گیا تھا جب وہ ایک چرچ میں اپنے حلقے میں لوگوں سے ملاقاتیں کر رہے تھے۔ ایم پی کے قتل کا یہ واقعہ لیبر ایم پی جو کاکس کے قتل کے پانچ سال بعد پیش آیا تھا۔ سر ڈیوڈ ایمز کے قتل کے شبہ میں 25 سالہ شخص کو گرفتار کیا گیا ہے اور پولیس نے سر ڈیوڈ ایمز کے قتل کو دہشت گردی کے واقعہ سے تعبیر کیا ہے۔ جوائنٹ ٹیررازم اینالیسس سینٹر کے سیکورٹی ریویو کے بعد مس پریتی پٹیل نے کہا کہ ہمارے پاس ایم پیز کو درپیش کسی لازمی اور قریبی خطرے کے بارے میں کوئی قابل اعتماد معلومات نہیں ہیں، تاہم میں پارلیمنٹ کے ارکان کو درپیش ٹیرر تھریٹ کی سطح کے بارے میں اپ ڈیٹ کرنا چاہتی ہوں کہ اسے موجودہ سطح ماڈریٹ سے بڑھا کر خاصا کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں ایوان کو یقین دہانی کرنا چاہتی ہوں کہ ہماری ورلڈ کلاس انٹیلی جنس ایجنسیز اور سیکورٹی سروسز اور کائونٹر ٹیرر پولیس یہ یقینی بنائیں گی کہ ان کے آپریشنل پوسچر میں تھریٹ لیول میں اس تبدیلی کی جھلک مناسب طور پر نمایاں ہو۔ مجموعی طور پر پورے برطانیہ کیلئے ٹیرر تھریٹ لیول فی الوقت خاصا ہے جس کا مطلب یہ ہے کہ کسی بھی وقت حملہ ہو سکتا ہے۔ مادریٹ لیول کا مطلب یہ ہے کہ حملے کا امکان ہے مگر ہو نہیں سکتا۔ 2006 کے بعد سے جنرل ٹیرر تھریٹ لیول عام طور پر دستیاب ہے لیکن ایم پیز کو درپیش تھریٹ لیول کو پہلے اس طرح کبھی افشا نہیں کیا گیا تھا۔ کامنز میں خطاب کرتے ہوئے ہوم سیکرٹری پریتی پٹیل نے کہا کہ سوشل میڈیا ایک ظالم جگہ ہے۔ اب یہ مظالم اور نقصان پہنچانے کی اجازت دینے والی جگہ بن گئی ہے اور یہ منتخب ارکان پارلیمنٹ کیلئے بھی مساوی اور فائدہ مند نہیں ہے۔ ان کو بھی یہاں نہیں بخشا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم یہ دیکھتے ہیں کہ سوشل میڈیا پر بچوں، مختلف نسلوں کے لوگوں مختلف مذہبی گروپس کو ٹارگٹ کیا جاتا ہے اور انہیں انتہائی خوف ناک بیانات اور تکلیف دہ انداز میں نقصان پہنچایا جاتا ہے۔ ہوم سیکرٹری نے کہا کہ اس وحشیانہ عمل کو تبدیل کرنا اور روکنا ہے۔ لیبر شیڈو ہوم سیکرٹری نک تھامس سائمنڈز نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ ایم پیز سٹاف کی حفاظت کیلئے اقدامات کا خاکہ پیش کرے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ان پر تشدد پوزیشنز سے بچنے کیلئے ہر ممکن اقدامات اور کوششیں کرنی چاہئیں اور کم از کم ہم نے جو کچھ سنا ہے ان دھمکیوں کا مقابلہ کرنے کیلئے متحد ہو کر کھڑے ہونا چاہئے۔ جیسا کہ ہوم سیکرٹری کا کہنا ہے کہ ارکان پارلیمنٹ کیلئے ٹیرر تھریٹ لیول کو ماڈریٹ سے بڑھا کر خاصا کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم جوائنٹ ٹیررازم ایسسمنٹ سینٹر کی جانب سے ایم پیز کیلئے ٹیرر تھریٹ میں اضافے کی ایسسمنٹ کو قبول کرتے ہیں۔

تازہ ترین