• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملکہ برطانیہ ابتدائی طبی معائنے کے بعد ونڈسر کاسل واپس پہنچ گئیں

لندن (پی اے) بکنگھم پیلس نے کہا ہے کہ ملکہ نے ابتدائی طبی معائنے کیلئے بدھ کی رات ہسپتال میں گزاری اور اب وہ واپس ونڈسر آگئی ہیں۔ 95 سالہ ملکہ برطانیہ سینٹرل لندن کے پرائیویٹ ہسپتال سے جمعرات کو لنچ ٹائم پر واپس آئیں تھیں اور وہ خیریت سے ہیں۔ پیلس نے کہا کہ ملکہ نے بدھ کے روز ناردرن آئرلینڈ کا دورہ منسوخ کر دیا تھا۔ انہیں عوامی مصروفیات کے سخت شیڈول کے بعد چند روز آرام کرنے کا طبی مشورہ دیا گیا تھا۔ بکنگھم پیلس نے جمعرات کو ایک بیان میں کہا کہ چند روز کے آرام کے طبی مشورے کے بعد ملکہ برطانیہ بدھ کی شام ابتدائی طبی معائنے کیلئے ہسپتال گئی تھیں اور اب خیریت کے ساتھ واپس ونڈسر کاسل پہنچ گئی ہیں۔ ملکہ برطانیہ نے ونڈسر سے 19 میل کے فاصلے پر قائم میریلبون میں کنگ ایڈورڈ ہفتم ہسپتال تک کار میں سفر کیا تھا، جہاں سپیشلٹس نے ان کا معائنہ کیا۔ ان کی ہسپتال میں موجودگی کورونا وائرس سے متعلق نہیں سمجھی جانی چاہئے۔ ہسپتال میں رات بھر قیام کی عملی وجوہ تھیں اور جمعرات کی شام کو ملکہ برطانیہ معمولی فرائض کی انجام دہی کیلئے اپنی ڈیسک پر واپس آگئی تھیں۔ 2013 کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ ملکہ برطانیہ کو ہسپتال میں قیام کرنا پڑا۔ 2013 میں انہیں گیسٹرواونٹریٹس کی علامات تھیں۔ کنگ ایڈورڈ ہفتم پرائیویٹ ہسپتال، جس کو سینئر رائلز، بشمول ملکہ کے شوہر آنجہانی ڈیوک آف ایڈنبرا استعمال کرتے ہیں، پرنس فلپ کا سال رواں کے اوائل میں اسی ہسپتال میں علاج ہوا تھا۔ یہ ملکہ برطانیہ کیلئے سرکاری مصروفیات کا مصروف دورانیہ تھا۔ ملکہ کی ڈائری کے ایک آفیشل ریکارڈ میں اکتوبر میں کم از کم 16 ایونٹس دکھائے گئے ہیں اور اس ہفتے ان کے دو دن کیلئے ناردرن آئرلینڈ کے دورے پر جانے کا پلان تھا۔ ایک تصویر میں منگل کی شام ونڈسر کاسل میں وہ وزیراعظم بورس جانسن کے ساتھ گلوبل انویسٹمنٹ سمٹ کی میزبانی کرتے ہوئے دکھائی دے رہی ہیں۔ تاہم بدھ کو بکنگھم پیلس کے ایک ترجمان نے کہا کہ ملکہ کو اگلے چند روز کیلئے آرام کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے، جس کو انہوں نے ہچکچاہٹ کے ساتھ قبول کیا۔ ترجمان نے کہا کہ ملکہ کو مایوسی ہوئی ہے کہ اب وہ ناردن آئرلینڈ کا دورہ نہیں کر سکیں گی، جس میں ان کا ایک رات کیلئے قیام بھی شامل تھا۔

تازہ ترین