گلوکار علی عظمت کے میڈم نور جہاں سے متعلق بیان کی وضاحت پر اداکار احمد علی بٹ نے ردعمل دیا ہے۔
خیال رہے کہ علی عظمت نے حال ہی میں اپنے انٹرویو میں برسوں سے تبدیل ہوتی پاکستان میوزک انڈسٹری سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرے بچپن میں نورجہاں ساڑھی کے ساتھ بڑے بڑے جھمکے اور بُندے پہن کر اور اضافی میک اپ کرکے گانے گاتی تھیں، اس وقت ہمیں ان سے چِڑ ہوتی تھی۔
علی عظمت کے اس بیان پر احمد علی بٹ اپنی نانی کی حمایت میں سامنے آئے تھے۔
بعد ازاں اپنے ایک وضاحتی ویڈیو بیان میں علی عظمت نے کہا کہ سوشل میڈیا پر میرے حوالے سے ایک مہم چلائی جارہی ہے، جس میں میرا اور نورجہاں کا مقابلہ کیا جارہا ہے، علی عظمت نے کہا کہ جس نے بھی یہ ویڈیو پوسٹ کی ہے پوری نہیں کی بلکہ ایڈیٹ کرکے کی ہے۔
علی عظمت نے کہا کہ نور جہاں کے حوالے سے جو میں نے بات کی ہے وہ بات بالکل سچ ہے، میں نے اپنے بچپن کے بارے میں بات کی ہے اس زمانے میں صرف پی ٹی وی چلتا تھا، اس وقت نور جہاں کی پریزنٹیشن اچھی نہیں تھی، ہمیں دیکھنے کو جو ملتا تھا اس حوالے سے میں نے اپنی رائے دی تھی۔
اب اس بیان پر احمد علی بٹ نے کہا کہ علی عظمت آپ کی محبت اور احترام کا شکریہ۔