• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لنڈی کوتل میں بارش، مالم جبہ میں برف باری، درجہ حرارت نقطہ انجماد سے گرگیا

سوات( نمائندگان جنگ )لنڈی کوتل میں بار ش ، ما لم جبہ میں برف باری ،درجہ حرارت نقطہ انجما د سے گرگیا ، برفباری شروع ہوتے ہی سیاحوں نے مالم جبہ کا رخ کرلیا،شانگلہ میں سڑکوں پر جگہ جگہ لینڈسلائیڈنگ، لنڈیکوتل میں موسم سرما کی پہلی بارش اور ژالہ باری اور سیلابی ریلے کے باعث پاک افغان شاہراہ پر دو گاڑیا ں سیلابی ریلے میں بہہ گئیں۔جبکہ تین گھنٹے تک پاک افغان شاہراہ بندرہی تفصیلات کے مطابق ضلع خیبر لنڈی کوتل میں موسم سرما کی پہلی بارش اور ژالہ باری کے باعث سیلابی ریلے سے خیبر پاک افغان شاہراہ اور علاقہ شیخ مل خیل میں 2 گاڑیا ں بہہ گئیں،واقعہ کے بعد مقامی افراد اور ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے امدادی کارروائیاں جاری رکھتے ہوئے پاک افغان شاہراہ سے سیلابی ریلی میں بہہ جانے والے گاڑیوں کو نکال لیا،تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا،سیلابی ریلے کے باعث لنڈیکوتل پاک افغان شاہراہ تین گھنٹے تک بند رہی۔ ادھرسوات کی وادی مالم جبہ میں موسم سرما کی پہلی برفباری شروع ہوگئی۔ملک بھر سے سیاحوں نے مالم جبہ کا رخ کرلیا۔وادی کالام میں مہوڈنڈجھیل سمیت پہاڑوں نے بھی برف کی سفید چادراوڑھ لی۔برفباری کے بعد درجہ حرارت نقطہ انجماد سے گرگیا جس کے باعث سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔مینگورہ شہر سمیت میدانی علاقوں میں بارش کا سلسلہ بھی وقفے وقفے سے جاری ہے جس کی وجہ سے سردی نے انٹری دیدی لوگوں نے گرم ملبوسات کااستعمال شروع کردیا جبکہ گرما گرم پکوانوں کی مانگ میں اضافہ ہوگیا ہے۔دریں اثناءشانگلہ بھر میں وقفے وقفے سے گرج چمک کیساتھ موسلادھار بارش جبکہ بالائی پہاڑی سلسلوں پر ہلکی برفباری کے بعدوادی میں یخ بستہ ہوائیں شروع ہوگئیں۔ ہفتے اور اتوار کو بالائی رہائشی علاقوں میں گھروں میں انگیٹھیاں لگادی گئیں۔ سویٹرز، کمبل کا استعمال شروع ہوگیا،موسلادھاربارش کے بعد جگہ جگہ سڑکوں پر لینڈ سلائیڈنگ۔ موسلادھاربارشوں کے بعد سڑکوں پر جگہ جگہ سلائیڈنگ ہوئی ہے اور سڑکوں پر پتھر پڑے ہیں جبکہ کروڑہ میں پڑاسلائیڈ کا ملبہ سڑک پر آگرا جس سے کروڑہ بشام روڈ بھی متاثرہو ئی اور گاڑیوں کی آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔پی ڈی ایم اے نے پہلے ہی سے ہائی الرٹ جاری کررکھا ہے جبکہ محکمہ موسمیات نے جاری بارشوں کے سلسلے کو اتوار اور پیر کے درمیانی شب میں ختم ہونے کی پیشن گوئی کی ہے۔

تازہ ترین