• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کو آئی ایم ایف کے چنگل سے نکالنا ہوگا، اعجاز الحق

برمنگھم (آصف محمود براہٹلوی) پاکستان کو مالیاتی ایمرجنسی نافذ کرکے ہی موجودہ مہنگائی کے بحران اور آئی ایم ایف کے چنگل سے نکالا جاسکتا ہے، ہمیں سائوتھ ایشین خطے میں مستقل قیام امن کے لیے افغانستان کی حکومت کو تسلیم کرکے دنیا کو قائل کرنا ہوگا کہ وہ طالبان کی حکومت کو تسلیم کریں تاکہ وہاں کوئی اور بحران سر نہ اٹھاسکے ، امریکہ نے افغانستان کے عالمی فنڈز منجمد کرکے جنگی جرائم کا ارتکاب کیاہے، عالمی برادری فوری آگے بڑھے اور نئی افغانستان حکومت کی مالی معاونت کرے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان مسلم لیگ ضیاء شہید گروپ کے رہنما و سابق وفاقی وزیر مذہبی امور محمد اعجاز الحق نے جنگ و جیو سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اعجاز الحق نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کو اچھا موقع ملا تھا لیکن وہ ڈیلیور نہ کرسکے، ان کا کہنا تھا کہ جب مالیاتی ایمرجنسی کی بات کی ہے تو لگژری اشیا کی امپورٹ بند کرکے امپورٹ، ایکسپورٹ کو بیلنس کیا جاسکتا ہے، انہوں نے کہا کہ ون ونڈو آپریشن کرکےPIAکی سروس کو دوبارہ بحال کرنا ہوگا، ایک سوال کے جہانگیر ترین کے بعد آپ بھی لندن میں ہیں، کیا آپ بھی کسی لندن پلان کا حصہ ہیں، پر انہوں نے کہا کہ اب صرف پاکستان پلان ہی چلے گا۔ افغانستان اور مقبوضہ کشمیر دونوں اہم ایشوز پر ہم نے کمزوری دکھائی ہے جو ہمارے حق میں نہیں، انہوں نے کہا کہ افغانستان میں خوراک کی کمی سے بحران پیدا ہوجائے گا،اور کوئی نیا مسئلہ سر اٹھا سکتا ہے۔ مقبوضہ جموں و کشمیر پر پاکستان کی ریاستی پالیسی ہے جو کبھی بھی تبدیل نہیں ہوسکتی لیکن موجودہ دور میں کمزور ضرور ہوئی ہے۔ موجودہ حکومت نان ایشو کو ایشو بنانے کی ماہرہے، ڈی جی آئی ایس آئی کی تعیناتی ہو یا کالعدم تحریک لبیک کے ساتھ مذاکرات ہوں، ہمیں فوری توجہ دے کر مسائل حل کرنے ہوں گے۔

تازہ ترین