• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہبازشریف نے جلسوں میں اداروں کیخلاف نعروں کی مخالفت کردی

لاہور (نمائندہ جنگ، ایجنسیاں) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہاہے کہ ظالم حکومت سے نجات ضروری، جلسوں میں اداروں کے کیخلاف نعرے لگانا قومی مفادکے برعکس ہے، فیصل آباد جلسے میں نعرے لگانے والے کاتعلق ن لیگ سے نہیں۔

حکومت عوام اور IMF دونوں کو دھوکا دے رہی، معاشی تباہی اورمہنگائی ملکی سلامتی کیلئے خطرہ بن گئی،قوم کوفیصلہ کن قدم اٹھانا ہوگا مہنگائی نے کراچی سے پشاور تک سب کوشدید متاثر کیا۔ 

سماجی رابطے کی سائٹ پرمختلف بیانات میں شہباز شریف نے کہا کہ مہنگائی پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ ہے، جس کیخلاف اپوزیشن متحرک ہوچکی ہے، پورے پاکستان میں مہنگائی نے عوام کا جینا محال کردیا ہے جبکہ بے روزگاری عروج پر ہے۔ 

یہ لوگ کہتے تھے کہ مہنگائی ہو تو وزیر اعظم چور ہوتا ہے، آج لوگ فاقہ کشی پر مجبور ہوچکے ہیں، وزیر اعظم ہر مقام پر یوٹرن لیتے ہیں، وہ 80 افراد پر مشتمل وفد کو لے کر سعودی عرب گئے ہیں، حکومت سے لوگ تنگ آچکے ہیں، حکومت کے جانے کا وقت آگیا ، مزید برداشت نہیں کرینگے، ہمارا قافلہ نکل چکا، حکومت کو اب بے نقاب کرینگے۔ 

شہباز شریف نے کہا کہ پارلیمنٹ ہی قانون کی بالادستی کی ضمانت دیتی ہے، سوا تین سال سے حکومت ہر کام صدارتی آرڈیننس سے چلارہی ہے۔ ان کاکہناتھا عوامی جلسوں میں اداروں کے سربراہان کے خلاف نعرے لگانا قومی مفاد کیخلاف ہے، جس نے فیصل آباد جلسے میں نعرے لگائے اس کا پارٹی سے تعلق نہیں۔ 

اس سے قبل اپنے بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کی معیشت، عوام اور موجودہ حکومت میں سے ایک کو چننا ہوگا، اس حکومت کا ایک ایک منٹ پاکستان کو اربوں ڈالر کا نقصان دے رہا ہے ، مہنگائی کنٹرول کرنے کا اعلان کر کے اشیائے خوردونوش کی قیمتیں مزید بڑھا دیں، یہ ہے اس حکومت کا احساس اور وعدہ؟، ایک بار پھر میری بات سچ ثابت ہوئی کہ یہ حکومت عوام اور آئی ایم ایف دونوں کو دھوکہ دے رہی ہے اور جھوٹ بول رہی ہے۔ 

اگر آئی ایم ایف کے ساتھ شرائط طے نہیں ہوئیں، مذاکرات آگے نہیں بڑھے تو پھر قیمتوں میں اضافہ کیوں کیا جارہا ہے؟ حکومت عوام اور پارلیمنٹ سے آئی ایم ایف کی شرائط کیوں چھپا رہی ہے ؟ ۔ مہنگائی میں مسلسل اضافہ اور آئی ایم ایف کی سلامتی وقومی اداروں کے بینک اکاؤنٹس سے متعلق شرائط خطرے کی گھنٹی ہے۔ 

صدر (ن) لیگ نے کہا کہ کون سے اچھے دن آئے ہیں کہ ہر روز چائے، چینی، آٹے، انڈے، دودھ، دہی، گھی، چاول، سبزیوں اور دوائی کی قیمت بڑھتی ہی جا رہی ہے؟ 

معاشی تباہی کی جلتی آگ پر مہنگائی تیل کا کام کررہی ہے، حکمرانوں کا ہر دن قومی سلامتی کیلئے خطرات اور خدشات بڑھا رہا ہے، موجودہ حکومت کی ناکامی پاکستان کے وجود اور مفادات کیلئے زہر قاتل بن چکی ہے، حکومت سے نجات حاصل نہ ہوئی تو ناقابل تلافی نقصان ہوسکتا ہے۔ 

شہباز شریف نے کہا کہ آئی ایم ایف سے بات چیت سے پہلے ہی مشیر خزانہ کا چلے جانا، امن وامان سمیت دیگر سنگین مسائل میں وزرا کا چھٹیاں منانا اور سیر سپاٹے حکومت کی غیرسنجیدگی کے مظاہر ہیں۔ 

موجودہ پوری حکومت کو مکمل چھٹی دینے کی ضرورت ہے ، اس ظالم حکومت سے نجات کے لئے پوری قوم کو گھروں سے باہر نکلنا ہوگا اور فیصلہ کن قدم اٹھانا ہوگا۔

تازہ ترین