• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بابراعظم مضبوط کپتان، فیصلے جلد بازی میں نہیں کرتے، میتھیوہیڈن


پاکستان کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کنسلٹنٹ میتھیو ہیڈن نے کہا ہے کہ بابراعظم مضبوط کپتان ہے، وہ جلد بازی میں کوئی فیصلہ نہیں کرتے۔

آسٹریلوی ٹی وی سے گفتگو میں میتھیو ہیڈن نے کہا کہ پاکستان اور بھارت میں کرکٹ کو مذہب کی طرح سمجھا جاتا ہے، پاکستانی کرکٹرز کو اسپورٹس کا بہت احترام ہے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک میں پاک بھارت میچ کو غیر معمولی اہمیت حاصل ہے، پانچ ہفتوں سے دبئی میں ہوں، کل رات جیسا سماں پہلے نہیں محسوس کیا۔

قومی ٹیم کے بیٹنگ کنسلٹنٹ نے مزید کہا کہ پاکستانی کرکٹرز ڈریسنگ روم سے باہر جتنے بڑے اسٹار ہیں، اندر اتنے ہی انکساری کا مظاہرہ کرتے ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان ٹیم میں جو کلچر دیکھا وہ آسٹریلین ڈریسنگ روم میں نہیں دیکھا، محمد حفیظ اور شعیب ملک بطور سینئر اپنا کردار اچھا نبھا رہے ہیں۔

میتھیو ہیڈن نے یہ بھی کہا کہ پاکستانی ٹیم میں مختلف عمر کے پلیئرز ہیں، کچھ تو ہمارے ساتھ بھی کھیلے ہوئے ہیں، مختصر مدت میں پلیئرز کی تکنیک کی بجائے مائینڈ سیٹ پر کام کررہا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ گرین شرٹس کے کرکٹرز مذہب سے بہت قریب ہیں، نماز کے پابند ہیں، یہ بات مجھے اچھی لگی۔

گرین شرٹس کے بیٹنگ کنسلٹنٹ نے مزید کہا کہ زبان کا مسئلہ تو ہے مگر کرکٹ سکھانے کیلئے زبان کا سمجھ آنا کچھ زیادہ اہم نہیں، کرکٹ یا اسپورٹس کو آپ اشاروں میں بھی سمجھا سکتے ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ کل رات شاہین شاہ آفریدی نے کامل بولنگ کی، روہت شرما اور کے ایل راہول کو زبردست گیندوں پر آؤٹ کیا، ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں ہلکی گیندوں کی پٹائی ہوگی، اچھی گیندوں پر انعام ملے گا۔

میتھیو ہیڈن نے کہا کہ انڈینز آئی پی ایل میں 130 کی اسپیڈ کا سامنا کرتے پڑے، ان کو کل شاہین کی اسپیڈ کا سامنا کرنا پڑگیا۔

انہوں نے کہا کہ حارث روف کی کہانی بھی کمال ہے، یہ لڑکا ٹیپ بال کھیلتا تھا، ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام سے سامنے آگیا۔

تازہ ترین