• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پائما کا وزیراعظم سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا مطالبہ

اسلام آباد (حنیف خالد) پاکستان یارن مرچنٹس ایسوسی ایشن (پائما) کے چیئرمین ثاقب نسیم، وائس چیئرمین برائے سندھ بلوچستان ریجن محمد جنید تیلی پٹرولیم مصنوعات میں ہوشربا اضافے پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان سے اپیل کی ہے کہ ملک کے بہتر معاشی، صنعتی اور عوامی مفاد میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کی جائے تاکہ کورونا زدہ معیشت میں کاروبار وصنعت اپنی بقاء قائم رکھ سکیں۔پائما رہنمائوں نے مشترکہ بیان میں کہا کہ کورونا وباء سے پیدا ہونیوالی سنگین معاشی صورتحال کے باوجود حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں یکدم حد سے زیادہ اضافے سے تاجروصنعتکار برادری میں گہری تشویش پائی جارہی ہے کیونکہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نہ صرف مہنگائی میں بے پناہ اضافہ ہونے کی علامت ہے بلکہ کاروبار وصنعت کی پیدواری لاگت میں بھی بے پناہ اضافہ ہو جائیگا‘ باالخصوص صنعتوں کا خام مال جس کی قیمتیں پہلے ہی آسمان پر پہنچ چکی ہیں۔ حکومت کے حالیہ اقدام سے ناقابل برداشت حد تک بڑھ جائینگی جس کے نتیجے میں صنعتیں خاص طور پر ایس ایم ایز تباہ ہوجائیں گی اور ملک میں بیروزگاری بھی بڑھے گی۔ پائما عہدیداروں ثاقب نسیم اور جنید تیلی نے وزیراعظم پاکستان سے اپیل کی کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ واپس لیا جائے اور قیمتوں میں نمایاں کمی کی جائے تاکہ کاروبار کرنے اور صنعتیں چلانے کو آسان بنایا جا سکے۔ اُنہوں نے وزیراعظم سے یہ درخواست بھی کی کہ وہ ملکی معاشی حالات کا ازسر نو جائزہ لیں اور اقتصادی ماہرین کو زمینی حقائق کے مطابق پالیسیاں مرتب کرنے کی ہدایت کریں تاکہ ملک کو معاشی طور پر مستحکم بنانے اور خوشحالی لانے کے اقدامات عمل میں لائے جاسکیں بصورت دیگر موجودہ حالات میں تاجروں کیلئے کاروبار کرنا اور صنعتکاروں کیلئے صنعتیں چلانا انتہائی دشوار ہوجائے گاجس سے ملکی برآمدات کو شدید دھچکا لگے گا۔

تازہ ترین