• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

50 فیصد افراد اگلے سال بیرون ملک تعطیلات منائیں گے

لندن(پی اے ) ایک سروے رپورٹ سے ظاہرہوتاہے کہ تعطیلات منانے والے برطانوی شہریوں میں سے 50 فیصد افراد اگلے سال بیرون ملک تعطیلات منائیں گے۔ بیرون ملک تعطیلات منانے کیلئے اسپین سب سے زیادہ مقبول جگہ ہے جس کے بعد یونان ،فرانس، اٹلی،امریکہ اور پرتگال کانمبر آتاہے ،امریکن ایکسپریس کے مطابق 20 فیصد افراد نے تو بکنگ کرانا بھی شروع کردی ہے اور جن لوگوں نےبکنگ نہیں کرائی ہے اس کابڑا سبب یہ ہے کہ لوگ دیکھنا چاہتے ہیں کورونا کی وبا کے حوالے سے کیاپیش رفت ہوتی ہے۔ سروے رپورٹ کے مطابق لوگوں کو توقع ہے کہ تعطیلات منانے پر انھیں اوسطاً 1,567 پونڈ خرچ کرنا ہوں گے جبکہ 21 فیصد افراد2 ہزار پونڈ یا اس سے بھی زیادہ خرچ کرنے کوتیار ہیں ،سروے کے دوران جن لوگوں سے بات کی گئی ان میں سے 44 فیصد ملک کے اندر اور بیرون ملک دونوں جگہ تعطیلات منانا چاہتے ہیں، تعطیلات کاپروگرام بنانے والوں میں سے 34 فیصد نے رواں سال برطانیہ ہی میں تعطیلات منائیں اور دوبارہ بھی برطانیہ ہی میں تعطیل منانے کاارادہ رکھتے ہیں۔ برطانیہ ہی میں تعطیلات منانے والوں کیلئے سب سے زیادہ پسندیدہ مقامات کارن ویل اور ویلز ہیں، برطانیہ میں اس حوالے سے 2,001 افراد سے بات چیت کی گئی ان میں سے 996 نے اگلے سال بیرون ملک تعطیلات منانے کا ارادہ ظاہرکیا ،بیرون ملک تعطیلات منانے کے خواہاں افراد کو چاہئے کہ وہ اپنے پروگرام کو حتمی شکل دینے سے قبل حکومت کی سفر سے متعلق تازہ ترین ہدایات اور ٹریول انشورنس پالیسی کو اچھی طرح دیکھ لیں کہ اس میں کورونا کے علاج کی شرط شامل ہے یا نہیں۔

تازہ ترین