• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لیسٹر میں دیوالی تقریب، ہزاروں افراد کی شرکت، لیٹرل فلو ٹیسٹ

لندن (پی اے) کورونا وائرس کوویڈ 19 کی وجہ سے گزشتہ سال منسوخ کئے جانے والے ہندوئوں کے دیوالی فیسٹیول میں اس بار ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ فیسٹول آف لائٹس کی تقریبات کے آغاز پر ہونے والے ایونٹ میں عام طور پر 45000 افراد شرکت کرتے ہیں۔ لیسٹر کے بلگریو روڈ پر ہونے والے ایونٹ میں اس مرتبہ محدود تعداد میں لوگوں نے شرکت کی، جہاں روشنیوں اور رنگوں کی بہار دیکھنے میں آئی۔ لیسٹر سٹی کونسل کا کہنا ہے کہ لوگوں کو محفوظ رکھنے کیلئے اقدامات کئے گئے تھے اور لوگوں سے کہا گیا تھا کہ وہ شرکت کرنے سے پہلے ٹیسٹ کروائیں۔ دنیا بھر میں ہندو، سکھ اور جین مت کے افراد دیوالی مناتے ہیں۔ لیسٹر گولڈن مائل کے ساتھ روشنیاں عام طور پر دیوالی کے دن سے دو ہفتے پہلے ہی شروع کر دی جاتی ہیں۔ یہ بھارت کے باہر اس تہوار کی سب سے بڑی تقریب ہوتی ہے۔ اس بار دیوالی کی تقریب میں شرکت کرنے والوں کی حوصلہ افزائی کی گئی تھی کہ وہ اپنے لیٹرل فلو ٹیسٹ کروائیں اور اگر ان کے ٹیسٹ مثبت ہیں یا وہ خود کو بہتر محسوس نہیں کر رہے تو گھروں پر ہی قیام کریں۔ سٹی کونسل نے کہا کہ لوگوں کی بڑی تعداد کو ایک ہی جگہ پر جمع ہونے سے روکنے کیلئے بھی اقدامات کئے گئے تھے۔ مائل کے ساتھ ہی تین بڑی سکرینز لگائی گئی ہیں جن پر ڈانس اورمیوزک پرفارمنسز دکھائی جائیں گی۔ ان میں پہلے سے ریکارڈ کردہ کلچرل پروگرام اور کائونٹ ڈائون دکھایا گیا جبکہ معمول کے فائر ورک ڈسپلے کے متبادل کے طور پر کوسنگٹن پارک بلگریو روڈ پر ایک فائر گارڈن بنایا گیا ہے۔ ایونٹ منیجر تھیو کریو نے کہاکہ ماضی میں کسی بھی ایک وقت میں اس سائٹ پر 45000 افراد موجود ہوتے تھے جو کہ ہجوم کی بڑی تعداد ہوتی ہے، لہٰذا اس سال ہم نے لوگوں کو دور دور رکھنے کیلئے مزید جگہیں بنائیں اور سکرینز لگائی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ ہر ایک یہاں آئے اور اس فیسٹیول سے محفوظ انداز میں لطف اندوز ہو۔ لیسٹر سٹی کونسل نے کہا کہ 4 نومبر کو دیوالی کے تقریبات کیلئے ایسے ہی اقدامات کئے جائیں گے۔ لندن کے ٹرافلگر سکوائر میں ایونٹ میں عام طور پر 35000 افراد شرکت کرتے ہیں جو کہ ہفتے کو منعقد ہوا لیکن اس میں بھی شرکا؍ کی تعداد محدود کر دی گئی تھی اور آن لائن سٹریم کا انتظام کیا گیا تھا جبکہ اس ویک اینڈ پر ولورہمپٹن میں لائٹس واپس آ گئیں اور فائر ورک بھی ہوا۔
تازہ ترین