• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گھروں کے باہر تجاوزات خاتمہ کیلئے سی ڈی اے آپریشن ، متعدد گرا دی گئیں

اسلام آ باد ( نیو زرپورٹر) سی ڈی اے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نےپیر کے روز سیکٹر G-10، I-10 اور F-8 میں 140 گھروں کے سامنے سے متعدد غیر قانونی تعمیرات مسمار کردیں۔ابتدائی طور سیکٹر G-10، سیکٹر F-8/1 ، F-10/2 ، چنبیلی روڈ اور سروس روڈ نارتھ سیکٹر I-10/2 پر 140 گھروں کے سامنے فینسز، شیڈز، دروازے، آہنی بیرئیرز، پلرز، سیکیورٹی گارڈز پوسٹس، گیراج اور چین فینسز بھاری مشینری کی مدد سے توڑ دی گئیں جبکہ متعدد رہائشیوں کو ازخود تجاوزات ہٹانے کے لئے نوٹس بھی دئیے گئے۔ یاد رہے کہ انسداد تجاوزات مہم کے آغاز سے قبل سی ڈی اے انتظامیہ نے گزشتہ دنوں آخری نوٹس کے ذریعے وفاقی دارالحکومت کے تمام شہریوں کو سی ڈی اے کی زمین سے از خود تجاوزات ہٹانے کی تاکید کی تھی۔اس مہم کو کامیاب بنانے کے لئے سی ڈی اے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ، انوائرنمنٹ ڈائریکٹوریٹ اور بلڈنگ کنٹرول ڈائریکٹوریٹ پر مشتمل افسران اور اہلکاروں کی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو روزانہ کی بنیاد پر کارروائیاں جاری رکھیں گی۔ اس حوالے سے سی ڈی اے انتظامیہ نے تمام شہریوں کو تاکید کی ہے کہ اپنے گھروں کے باہر سے تمام تجاوزات از خود ہٹا دیں تاکہ دوران آپریشن کسی بھی نقصان سے بچا جا سکے۔
تازہ ترین