• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سی ٹی او کا مختلف علاقوں کا دورہ ‘ ٹریفک قوانین سے متعلق مہمات کا جائزہ لیا

پشاور( کرائم رپورٹر) چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے ٹریفک نظام اور ٹریفک قوانین پر عملدرآمد سے متعلق جاری مہمات کا جائزہ لینے کیلئے حیات آباد،ٹاون،تہکال اور بڈھ بیر کا دورہ کیا۔ چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے اہلکاروں کی جانب سے سیٹ بیٹ اور ہیلمٹ استعمال نہ کرنے والوں اور کالے شیشوں کے استعمال والی گاڑیوں سے کالے شیشے اتارنے کے عمل کا جائزہ لیا اور حکام کو ہدایت کی کہ وہ جاری مہمات کے تحت کارروائیوں میں مزید تیزی لائیں اور اس سلسلے میں کسی کیساتھ نرمی نہ برتی جائے، انہوں نے کہا کہ کالے شیشوں کا استعمال قانوناً جرم ہے جبکہ اس کا استعمال کرنیوالوں کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں کی جائیگی۔ چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے حکام کو ہدایت کی کہ وہ نو پارکنگ زون کی خلاف ورزی کرنیوالوں کیخلاف سخت کارروائیاں عمل میں لائیں اور پلازوں میں پارکنگ کو ہر صورت میں یقینی بنائیں تاکہ شہری سڑک کے کنارے گاڑیاں کھڑی نہ کرے جبکہ مرتکب افراد کیخلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے کہا ہے کہ بلا تعطل ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کے لئے تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائی جائیں اور اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائیگی۔انہوں نے کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس کا عملہ شہر بھر میں ٹریفک قوانین پر عملدرآمد اور تجاوزات کے خاتمے کیلئے آگاہی کا سلسلہ جاری رکھے کیونکہ اس کے بہتر نتائج سامنے آرہے ہیں۔
پشاور سے مزید