• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کو ورلڈ کپ جیتنے سے کوئی روک نہیں سکتا: مومن ثاقب

پاکستان شوبز انڈسٹری کے نئے اُبھرتے ہوئے نوجوان اداکار اور سوشل میڈیا اسٹار مومن ثاقب نے کہا ہے کہ اب پاکستان کو ورلڈ کپ جیتنے سے کوئی روک نہیں سکتا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر زیادہ متحرک رہنے والے نوجوان اداکار مومن ثاقب نے اپنے تصدیق شدہ انسٹاگرام اکاؤنٹ پر نئی ویڈیو شیئر کی ہے جوکہ گزشتہ روز ہونے والے پاکستان اور نیوزی لینڈ میچ کے بعد گراؤنڈ میں بنائی گئی۔


انسٹاگرام پر شیئر کی گئی ویڈیو میں مومن ثاقب گراؤنڈ میں شائقینِ کرکٹ کے ساتھ موجود ہیں اور پاکستان کی جیت پر جشن مناتے نظر آرہے ہیں۔

مومن ثاقب نے کہا کہ ’آج پاکستان کی جو جیت ہوئی ہے، اُس کے بعد ٹیم کا جوش ایسا ہے کہ ہمیں کوئی بھی ورلڈ کپ جیتنے سے نہیں روک سکتا۔‘

اُنہوں نے پاکستان زندہ باد کے نعرے لگاتے ہوئے کہا کہ ’یہ وہ ٹیم ہے جو اب ہر ورلڈ کپ پاکستان کے نام کرے گی۔‘

مومن ثاقب نے کہا کہ ’آج پاکستان کی شاندار فتح پر دبئی کو دُلہن کی طرح سجایا جائے۔‘

واضح رہے کہ آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سپر 12 مرحلے کے دوسرے میچ میں پاکستان نے دلچسپ مقابلے کے بعد نیوزی لینڈ کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔

شارجہ کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے جارہے اس میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔

نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 134 رنز بنائے تھے۔

تازہ ترین