• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سرائیکی شاعر شاکر شجاع آبادی کیلئے سندھ و پنجاب حکومتوں کا علاج کا اعلان

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)تقریباً 400 گیت لکھنے والے سرائیکی زبان کے معروف شاعر شاکر شجاع آبادی کے بیٹے ولید شاکر نے تصدیق کی ہے کہ پنجاب حکومت کے علاوہ سندھ حکومت نے بھی ان کے والد کا علاج کرانے کا اعلان کیا ہے۔یہ اعلان اس وقت کیا گیا جب دو روز قبل ہی شاکر شجاع آبادی کی کسمپرسی کی حالت کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھیں، جس میں انہیں موٹر سائیکل پر سوار ہوکر ڈاکٹر کے پاس جاتے ہوئے دیکھا جا سکتا تھا۔بیٹے ولید نے بتایا کہ چوں کہ ان کے پاس اور کوئی سواری نہیں تھی اور نہ ہی ان کے پاس کار یا ٹیکسی کے کرائے کیلئےپیسے تھے، اس لیے والد کو موٹر سائیکل پر لے جایا گیا۔ ولید شاکر شجاع آبادی کے مطابق ان کے والد کے پٹھے پیدائش کے فوری بعد ہی ابنارمل ہوگئے تھے اور اب زائد العمری کی وجہ سے ان کی تکلیف بڑھ چکی ہے۔ بیٹے نے کہا کہ اگر انہیں کار یا ٹیکسی فراہم کی جائے تو وہ والد کو محفوظ اور آسان طریقے سےایک سے دوسری جگہ منتقل کر سکیں گے۔ولید کے مطابق سندھ حکومت کے محکمہ ثقافت کے ترجمان نے ان سے رابطہ کرکے انہیں تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے جب کہ اب تک وہ ان سے مسلسل رابطے میں ہیں۔انہوں نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی جانب سے وائرل ویڈیو کا نوٹس لیے جانے کے بعد ان سے حکومت پنجاب کے ترجمان نے بھی رابطہ کیا اور علاج کی یقین دہانی کروائی ہے۔

تازہ ترین