• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سوڈان: فوجی بغاوت کے بعد گرفتار وزیرِ اعظم گھر واپس آ گئے


سوڈان میں فوجی بغاوت کے بعد گرفتار ہونے والے وزیرِ اعظم عبداللّٰہ ہمدوک گھر واپس آ گئے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق سوڈان میں فوجی بغاوت کےبعد وزیرِ اعظم عبداللّٰہ ہمدوک کو نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا تھا۔

غیر ملکی خبر ایجنسی نے بتایا ہے کہ سوڈانی وزیرِ اعظم عبداللّٰہ ہمدوک کو گزشتہ روز فوج نے گھر آنے کی اجازت دی تھی۔

اقوامِ متحدہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ سوڈانی وزیرِ اعظم اب بھی آزاد نہیں، وہ اپنی رہائش گاہ پر نظر بند ہیں۔

اقوامِ متحدہ کے ترجمان کا یہ بھی کہنا ہے کہ سوڈانی وزیرِ اعظم عبداللّٰہ ہمدوک کی صحت بہتر ہے۔

سوڈانی وزیرِ اعظم کے دفتر کا کہنا ہے کہ سوڈان میں دیگر سول رہنما اب بھی گرفتار ہیں۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق امریکی وزیرِ خارجہ انٹونی بلنکن نے سوڈانی ہم منصب سے ٹیلی فونک گفتگو کی ہے جس میں انہوں نے سوڈان میں فوجی بغاوت اور سول رہنماؤں کی گرفتاری کی مذمت کی ہے۔

یورپی یونین کے کمشنر برائے خارجہ امور کی عبداللّٰہ ہمدوک سے ٹیلی فونک گفتگو ہوئی ہے، جس کے دوران انہوں نے سول ٹرانزیشن کی واپسی کے لیے سوڈانی وزیرِ اعظم کی حمایت کا اظہار کیا ہے۔

برطانیہ، امریکا، یورپی یونین، اقوامِ متحدہ، فرانس، جرمنی اور ناروے کے مندوبین نے بھی عبداللّٰہ ہمدوک سے ان کے گھر پر ملاقات کی ہے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی نے بتایا ہے کہ عالمی بینک نے سوڈان میں بینک کا آپریشن روکنے کا اعلان کیا ہے۔

عالمی بینک کے صدر کا کہنا ہے کہ سوڈان میں حالیہ واقعات پر گہری تشویش ہے، سوڈان میں سماجی و اقتصادی بحالی اور ترقی پر ڈرامائی اثرات کا خدشہ ہے۔

افریقی یونین نے بھی جمہوریت کی بحالی تک سوڈان کی رکنیت معطل کر دی ہے۔

واضح رہے کہ سوڈان میں فوج نے پیر کو سول حکومت کا تختہ الٹ کر رہنماؤں کو گرفتار کر لیا تھا۔

تازہ ترین