• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انتہا پسندی سمیت تمام مسائل کا خاتمہ جزا و سزا کے نظام سے ممکن، گورنر سرور

لاہور (رپورٹ/وردہ طارق)انتہا پسندی سمیت تمام مسائل کا خاتمہ جزا اور سزا کے نظام سے ہی ممکن ہے۔ جب قانون توڑنے والوں کو سالوں اور مہینوں میں نہیں بلکہ دنوں میں سزا ہو گی تو پھر ملک میں کوئی انتشار اور فساد کی کوشش نہیں کرے گا ملک میں انتہا پسندی سمیت دیگر مسائل کے خاتمے کے لئے آئین اور قانون کی حکمرانی ضروری ہے۔ ان خیالات کا اظہار گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے میر خلیل الرحمٰن میموریل سوسائٹی جنگ گروپ آف نیوز پیپرز اور گیٹز فارما کے زیر اہتمام ذیابیطس کے عالمی دن کے حوالے سے ہونے والے خصوصی سیمینار میں کیا۔ سیمینار کی صدارت گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کی۔ مہمان خصوصی صوبائی وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد تھیں۔ گیسٹ آف آنر وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر عامر زمان تھے۔ حرف آغاز چیئرمین یونیورسٹی نے پیش کیا حرف تشکر گیٹز فارما کے احمد بٹ نے پیش کیا۔ ماہرین کے پینل میں پروفیسر ڈاکٹر شیریں خاور، پروفیسر ڈاکٹر شمسہ ہمایوں، پروفیسر ڈاکٹر کامران خالد، پروفیسر ڈاکٹر خالد جاوید خان، پروفیسر ڈاکٹر ہما کیانی سہگل، پروفیسر ڈاکٹر محمد نعیم افضل شامل تھے۔ میزبانی کے فرائض چیئرمین میر خلیل الرحمٰن میموریل سوسائٹی جنگ گروپ آف نیوز پیپرز واصف ناگی نے سر انجام دیئے۔ تلاوت قرآن پاک اور نعت کی سعادت بینش ملک نے حاصل کی۔گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ مجھے بہت تکلیف ہوتی ہے جب دنیا میں لوگ بھارت کے جھوٹ کو سچ سمجھنے لگتے ہیں ۔ بھارت کے عزائم کو ناکام بنانے کے لئے پاکستان کی سیاسی اور مذہبی جماعتوں سمیت ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا ہم کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔پاکستان کے تمام شہریوں کو یکساں حقوق حاصل ہیں ۔ کورونا وباء کے دوران تمام میڈیکل کے شعبے سے منسلک افراد ڈاکٹرز، نرسز، پیرا میڈیکل سٹاف نے جو کام کیا اس کی مثال نہیں ملتی۔ پروفیسر ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ ذیابیطس ایک ایسا مرض ہے جو دکھائی نہیں دیتا مگر انسان کو اندر ہی اندر ختم کر دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مرض موروثی طور پر جن خاندانوں میں پایا جاتا ہو انہیں خاص احتیاط کی ضرورت ہوتی ہے جس میں صحت مند طرز زندگی اور صحت مند خوراک استعمال کرنے کی ضرورت ہے۔ یہ مرض بینائی، دل، گردوں سمیت تمام اعضا کو متاثر کرتا ہے اگر ا س مرض کی جلد تشخیص ہو جائے تو پیچیدگی سے بچا جا سکتا ہے۔

تازہ ترین