• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملزم افتخار بے گناہ ہے، ٹک ٹاکر عائشہ اکرم کا بیان

مینارِ پاکستان کے گریٹر اقبال پارک میں رواں برس 14 اگست کے دن دست درازی کا شکار ہونے والی ٹک ٹاکر عائشہ اکرام نے دست درازی کیس کی سماعت کے دوران لاہور کی سیشن عدالت میں بیان ریکارڈ کرایا ہے جس میں کہا ہے کہ ملزم افتخار کے بے گناہ ہونے کا یقین ہے۔

عائشہ اکرم نے ملزم افتخار کی ضمانت کے لیے ایڈیشنل سیشن جج لاہور کے روبرو بیان ریکارڈ کرایا ہے۔

عائشہ اکرم نے عدالت میں ریکارڈ کرائے گئے بیان میں کہا ہے کہ افتخار احمد کے خلاف شک اور غلط فہمی کی بنیاد پر مقدمہ درج کرایا۔

ٹک ٹاکر خاتون کا اپنے بیان میں کہنا ہے کہ مطمئن ہوں کہ ملزم افتخار احمد واقعے میں ملوث نہیں، عدالت ملزم افتخار کو ضمانت پر رہا کرے تو مجھے اعتراض نہیں۔

ایڈیشنل سیشن جج نے ٹک ٹاکر عائشہ اکرم کے اس بیان کے بعد 1 لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض افتخار احمد کی ضمانت منظور کر لی۔

اس سے قبل افتخار احمد کو عائشہ اکرم نے شناخت پریڈ کے بعد باضابطہ شناخت کیا تھا۔

واضح رہے کہ مینارِ پاکستان لاہور کے گریٹر اقبال پارک میں رواں سال یومِ آزادی کے موقع پر خاتون ٹک ٹاکر عائشہ اکرم سے دست درازی کا خوفناک واقعہ پیش آیا تھا جو 3 روز بعد سوشل میڈیا کے ذریعے سامنے آیا۔

سیکڑوں نوجوانوں نے ٹک ٹاکر عائشہ اکرم اور اس کے ساتھیوں کو تشدد کا نشانہ بنایا تھا، یہ نوجوان ٹک ٹاکر کے کپڑے پھاڑ کر اسے ہوا میں اچھالتے رہے اور انہوں نے اس سے نقدی اور زیورات بھی چھین لیئے۔

پولیس واقعے سے بے خبر رہی،جس نے بعد میں خاتون کی درخواست پر 400 نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا، جبکہ متعدد افراد کو اس کیس میں گرفتار بھی کیا گیا تھا۔

بعد میں کئی افراد کو باعزت بری بھی کر دیا گیا، جبکہ ٹک ٹاکر عائشہ اکرم کے بلیک میلنگ کے الزام پر پولیس نے اس کے ساتھی ریمبو کو گرفتار کر لیا تھا۔

مینارِ پاکستان بدسلوکی واقعے کی کردار ٹک ٹاکر عائشہ اکرم اپنے ساتھی ریمبو کے خلاف ایف آئی اے کو بلیک میلنگ کے ٹھوس شواہد پیش نہ کر سکی۔

عائشہ اکرم نے ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل میں اپنا بیان ریکارڈ کروایا تھا جس میں عائشہ اکرم نے سوشل میڈیا پر اپ لوڈ ہونے والی ویڈیوز کا ذمے دار ریمبو کو قرار دیا تھا۔

اس نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ ریمبو نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر مجھے بلیک میل کیا۔

تازہ ترین