• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

والد جواب کے ساتھ ذاتی حیثیت میں عدالت میں پیش ہوں گے: بیٹا رانا شمیم


گلگت بلتستان کے سابق چیف جج رانا شمیم کے بیٹے احمد حسن رانا ایڈووکیٹ کا کہنا ہے کہ والد رانا شمیم جواب کے ساتھ ذاتی حیثیت میں عدالت میں پیش ہوں گے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق چیف جج گلگت بلتستان رانا شمیم کے بیٹے احمد حسن رانا ایڈووکیٹ نے کہا کہ رانا شمیم کا بیٹا بھی ہوں اور اب خوش قسمتی سے ان کا وکیل بھی ہوں۔

انہوں نے کہا کہ آج کیس ملتوی ہو کر 26 نومبر تک چلا گیا ہے، فیصل واؤڈا نے ایک ٹی وی ٹاک شو میں اول فول بولا ہے۔

احمد حسن رانا ایڈووکیٹ نے کہا کہ فیصل واؤڈا نے کہا کہ رانا شمیم کے بیٹے کو نوازا گیا اور ایڈووکیٹ جنرل بنایا گیا، حالانکہ میں کبھی بھی ایڈووکیٹ جنرل نہیں رہا، البتہ اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل رہا ہوں۔

ان کا کہنا ہے کہ آپ ریکارڈ اٹھا کر دیکھ سکتے ہیں کہ 6 مہینے میں میرا کام کیسا رہا، آپ کو پتہ چلے گا کہ میں میرٹ پر بھرتی ہوا تھا یا پرچی پر۔

جج رانا محمد شمیم کے صاحبزادے احمد حسن رانا ایڈووکیٹ نے مزید کہا کہ یہ انکوائری طلب معاملہ ہے اور یہ سپریم جوڈیشل کونسل میں جانا چاہیئے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ سپریم جوڈیشل کونسل میں شہادتیں ریکارڈ ہوں، جو حق پر ہے وہ سرخرو ہو جائے گا، میرے والد کا مؤقف یہ ہے کہ وہ اپنے بیانِ حلفی پر اسٹینڈ کرتے ہیں۔

تازہ ترین