کراچی (محمدناصر) دُنیا کے کئی ممالک میں باکس آفس پر راج کرنے والی جیو کی پہلی اور پاکستان کی سب سے بڑی سپرہٹ اینی میٹڈ فلم ”دی ڈونکی کنگ“ جمعہ 19/نومبر سے ”چین“ کے سینما گھروں میں ریلیز کی جارہی ہے۔ ”جیوفلمز“ اور طلسمین اینی میشن اسٹوڈیوز کے اشتراک سے تخلیق کی گئی اس شاہکار فلم کو چینی زبان میں ڈب کرکے پیش کیا جارہا ہے۔ پاکستان سمیت دُنیا کے کئی ممالک میں مقبولیت کے جھنڈے گاڑ نے والی اس اینی میٹڈ فلم نے کامیابی کا ایک اور سنگِ میل عبور کرلیا ہے جو پاکستان کیلئے ایک اعزاز کی بات ہے۔ جنوبی کوریا، اسپین، ترکی، کولمبیا، روس، یونان اور یوکرین سمیت کئی ممالک میں اس فلم کو اُن کی مقامی زبان میں ڈب کرکے پیش کیا گیا تھا۔ اس سے قبل یہ فلم امریکا، برطانیہ اورآسٹریلیا میں ایمازون پرائم جبکہ افریقا میں نیٹ فلکس پر انگریزی زبان میں ڈب کرکے پیش کی گئی۔ جس انداز سے یہ فلم چین میں ریلیز کی جارہی ہے شائقین امید رکھتے ہیں کہ یہ دونوں ممالک کو ثقافتی طور پر ایک دوسرے کے مزید قریب لانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ 2018ء کی بلاک بسٹر فلم بیرون دنیا کے کئی ممالک اور کئی زبانوں میں ریلیز کی گئی تھی۔ یاد رہے کہ پاکستان اِس اینی میٹڈ فلم نے پاکستان سمیت دُنیا کے کئی ممالک کے باکس آفس پر بزنس کے نئے ریکارڈ اپنے نام کئے ہیں۔ فقید المثال فلم کو پاکستان میں ”جیوفلمز“ اور طلسمین اینی میشن اسٹوڈیوز کے اشتراک سے تخلیق کیا گیا تھا جس نے صرف پاکستان میں بزنس کی نئی مثال قائم کی تھی۔ مزاح کی چاشنی سے تیار کی گئی فلم کی دلفریب کہانی نے صرف پاکستان میں 25 ہفتوں میں تقریباً25 کروڑ کا بزنس کیا تھا۔ سیاست کا سبق آموز درس دیتی اینی میٹڈ فلم ”ڈونکی کنگ“ کے ہدایتکار عزیز جندانی ہیں۔اُن کا کہنا ہے کہ پوری دُنیا سے اس فلم کی زبردست پذیرائی ملنے پر ہم سب بہت خوش ہیں۔ ہمیں اُمید ہے کہ اس کے ذریعے مستقبل میں چین میں مزید پاکستانی فلموں کی ریلیز کے دروازے کھل جائیں گے۔ فلمی پنڈتوں کا کہنا ہے کہ حسب توقع یہ فلم چین میں بھی کامیابیوں کے نئے ریکارڈ قائم کرے گی۔