• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نسلہ ٹاور متاثرین کا احتجاج، شیلنگ، لاٹھی چارج

کراچی ( اسٹاف رپورٹر )نسلہ ٹاور کے باہر بلڈر ایسوسی ایشن اور متاثرین کے احتجاج کے دوران سڑک میدان جنگ بن گئی،پولیس اور رینجرز نے مظاہرین پر شیلنگ اور لاٹھی چارج کیا، لاٹھی چارج کے باعث ڈپٹی چیئرمین آباد سمیت متعدد افراد زخمی ہوئے۔

تفصیلات کے مطابق شاہراہ فیصل پر واقع نسلہ ٹاور کی عمارت کو گرانے کے خلاف بلڈرز ایسوسی ایشن آباد کی جانب سے جمعہ کو احتجاج کا اعلان کیا گیا تھا

نماز جمعہ کے بعد ہی بلڈرز اور متاثرین کی بڑی تعداد اور متاثرین نسلہ ٹاور کے باہر جمع ہو گئی اور بلڈنگ کو گرانے کا کام رکوانے کی کوشش کی،احتجاج کے باعث شاہراہ فیصل سے شاہراہ قائدین جانے والے روڈ پر ٹریفک معطل ہو گیا جبکہ سروس روڈ کو بھی بند کر دیا گیا۔

بعد ازاں مظاہرین نے شاہراہ فیصل پر جانے کی کوشش کی جس پر پولیس،رینجرز اور مظاہرین کے درمیان دھکم پیل ہوئی جسکے بعد مظاہرین کو روکنے کیلئے پولیس نے شیلنگ کی اور مظاہرین پر لاٹھی چارج بھی کیا جسکے باعث وہاں بھگڈر مچ گئی اور شاہراہ فیصل پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی،شام کو دفاتر کی چھٹی کے بعد ٹریفک کی روانی مزید متاثر ہوئی۔

اس دوران آباد کے چیئرمین محسن شیخانی نے میڈیا سے گفتگو کرنے کی کوشش کی تو انھیں میڈیا سے بات نہیں کرنے دی گئی جس پر مظاہرین نے پھر احتجاج کیا اور شاہراہ فیصل پر جانے کی کوشش کی تاہم پولیس اور رینجرز نے مظاہرین کو ایک بار پھر روک دیا اور ایک حد مقرر کر دی ،پولیس کی جانب سے مظاہرین کو اس حد سے آگے بڑھنے کی اجازت نہیں دی گئی۔بعد ازاں پولیس نے شاہراہ فیصل پر ٹریفک کو بحال کروایا۔

چیئرمین آباد محسن شیخانی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں ایسے مارا جارہا ہے جیسے ہم دہشت گرد ہیں، ہم تو چاہتے ہیں قانون کو بہتر کیاجائے، ہم تو چاہتے ہیں این اوسی دینے والے اداروں پر ذمہ داری عائدکرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے لوگوں کیساتھ زیادتی کی جارہی ہے، کروڑوں اربوں روپے ٹیکس دینے والوں کو ماراجارہا ہے۔

انھوں نے کہا کہ ہم عمارتیں این اوسی لیکر بناتے ہیں، اجازت دینے والےاداروں سے پوچھناچاہیےکہ کیوں اجازت دی، ہر آدمی خوفزدہ ہےکہ کیاہماری بلڈنگیں ٹوٹ جائیں گی، ہمیں بتایا جائےکس ادارے سے اجازت لیں۔

چیئرمین آباد نے اعلان کیا کہ احتجاج پورے پاکستان تک لےکر جائیں گے۔ڈی سی ایسٹ آصف جان صدیقی کے مطابق نسلہ ٹاور کے اطراف کشیدہ صورتحال پر قابو پالیا گیا ہے، انکا کہنا تھا کہ مظاہرین کو نسلہ ٹاور کے اطراف مخصوص حد تک جمع رہنے کی اجازت دی گئی ہے

انہوں نے بتایا کہ نسلہ ٹاور مسمار کرںے کا کام بلاتعطل جاری رہے گا سپریم کورٹ کے احکامات پر عملدرآمد یقینی بنایا جارہا ہے۔

ترجمان کراچی پولیس کے مطابق پولیس نے شاہراہ فیصل کو بلاک کرنے سے مظاہرین کو روکا۔ مظاہرین نےسڑک بلاک کی اورسرکاری کام میں مداخلت کی تو لاٹھی چارج کیا گیا۔

تازہ ترین