• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہیڈ کوچ بلوچستان فیصل اقبال کو سنگین الزامات کا سامنا، شوکاز ملے گا

کراچی(عبدالماجد بھٹی/ اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کا ایچ آر ڈپارٹمنٹ بلوچستان کے ہیڈ کوچ اور سابق ٹیسٹ کرکٹر فیصل اقبال اگلے دو تین دن میں شوکاز جاری کررہا ہے۔ انہیں تین سے زائد سنگین الزامات کا سامنا ہے۔بلوچستان کرکٹ ٹیم کے منیجر نے بھی فیصل اقبال کے بارے میں رپورٹ پی سی بی کو بھیج دی ہے۔ ان کی عدم موجودگی میں راج ہنس کو عارضی مدت کے لئے کوچ بنایا گیا ہے۔ پی سی بی کا کہنا ہے کہ شوکاز تیاری کے آخری مرحلے میں ہے اور پیر یا منگل کو فیصل اقبال کو میل کو کردیا جائے گا۔ سنگین الزامات کی پاداش میں انہیںملازمت سے بھی ہاتھ دھونا پڑ اسکتے ہیں۔ اس سے قبل ندیم خان اور جنید ضیاء پر مشتمل کمیٹی نے فیصل اقبال اور ٹیسٹ کرکٹر حارث سہیل کے درمیان لڑائی کی تحقیقاتی رپورٹ پیش کی۔ مبینہ طور پر کھلاڑیوں اور فیصل اقبال کے درمیان گالی گلوچ ہوئی جس کے بعد انہوں نے کہا کہ مجھے ذہنی سکون کے لئے چھٹیاں درکار ہیں۔ اس دوران انہوں نے ٹی ٹین لیگ سے معاہدہ کیا اور بیرون ملک جانے کی چھٹی لینے کی بھی زحمت نہیں کی۔ پی سی بی چیئرمین رمیز راجا ڈومیسٹک کرکٹ میں ڈسپلن کی خلاف ورزیوں پر سخت ناراض ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کوئی بھی کوچ پی سی بی سے ملازمت کرتے ہوئے کوئی اور معاہدہ نہیں کرسکتا۔ فیصل اقبال نے معاہدے کے بارے میں پی سی بی انتظامیہ کو اطلاع نہیں دی اور بیرون ملک جانے کے لئے چیف ایگزیکٹیو سے چھٹی لینے سے بھی گریز کیا۔ تحقیقاتی رپورٹ اور منیجر کی رپورٹ کو سامنے رکھ کر ایچ آر ڈپارٹمنٹ شو کاز نوٹس تیار کررہا ہے۔

تازہ ترین