• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یوریا کھاد کی فروخت 1768روپے فی بوری یقینی بنانے کی ہدایت

ملتان (سٹاف رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی ہدایت پر کسانوں کو ریلیف دینے کیلئے ضلعی انتظامیہ نے یوریا کھاد کے گوداموں اور سیل پوائنٹس کی چیکنگ کا آغاز کردیا ہے اس سلسلے میں گزشتہ روز ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو طیب خان اور ڈائریکٹر زراعت توسیع ملتان شہزاد صابر اور ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت لیاقت علی گوندل کے ہمراہ یوریا کھاد کا سٹاک اور سپلائی چیک کرنے کیلئے ضلع کے بڑے کھاد گوداموں اور سیل پوائنٹس چیک کئے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ یوریا کھاد کی 1768روپے فی بوری کی فراہمی یقینی بنائی جارہی ہے تاکہ بلیک مارکیٹنگ کا خاتمہ کیا جاسکے۔ کسانوں کے حق پر ڈاکہ مارنے والوں اور کھاد کی ذخیرہ اندوزی کیخلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ کریک ڈاؤن کے دوران پکڑی گئی کھاد کنٹرول ریٹس پر کسانوں کو فروخت کرینگے۔کاشتکار ذخیرہ اندوزی اور گراں فروشی کی اطلاع ضلعی انتظامیہ کو دیں۔ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے کھاد کی سپلائی و سٹاک کی مانیٹرنگ کیلئے آن لائن پورٹل بھی فعال کردیا گیا ہے جبکہ کسانوں کی آگاہی کیلئے بینرز اور اعلانات کے ذریعے بھرپور مہم کا بھی اغاز کردیا گیا ہے۔ قبل ازیں ڈپٹی کمشنر نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو کے ہمراہ چوک بی سی جی اور بہاولپور روڈ پر کھاد کی دکانوں اور سٹورز پر قائم سیلز پوائنٹس بھی چیک کئے۔
تازہ ترین