• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تجاوزات کیخلاف کارروائی میں سیاسی مداخلت نہیں ہوگی، میونسپل کارپوریشن

راولپنڈی (نمائندہ جنگ) راولپنڈی میونسپل کارپوریشن نے رواں مالی سال کے آئندہ چھ ماہ کیلئے منظور کردہ تین ارب 85 کروڑ چوبیس لاکھ 98 ہزار 850روپے کے بجٹ کی توثیق کر دی جس میں راولپنڈی کے اراکین اسمبلی کی جانب سے بھجوائی گئی دو ارب روپے سے زائد کی ترقیاتی سکیموں کی منظوری بھی دی گئی ۔اجلاس میں کارپوریشن اراکین کی جانب سے شہر بھر میں تجاوزات کی ذمہ داری چیف میونسپل افسر اور میونسپل افسر (ریگولیشن) پر عائد کرنے پر میونسپل افسر (ریگولیشن) نے اعلان کیا کہ منتخب ہاؤس تجاوزات کے خاتمے کے لئے سیاسی عدم مداخلت کی ضمانت دے، ہم ایک ہفتے میں تمام عارضی، مستقل اور پختہ و غیرپختہ تجاوزات سے شہر کو پاک کر دیں گے۔ ایوان نے تاجروں اور شہریوں کے انکار اور مزاحمت پر سکستھ روڈ اور راجہ بازار سمیت شہر کے چھ گنجان آباد علاقوں میں پارکنگ فیس کی وصولی روکتے ہوئے پارکنگ پوائنٹس کو گزٹ نوٹیفکیشن سے حذف کرنے کی بھی منظوری دی جبکہ جنرل بس سٹینڈ پیرودھائی کی فیسوں میں اضافے سے متعلق میونسپل افسر (فنانس)کی قرار داد کو مسترد کر دیا۔ گزشتہ روز ڈپٹی میئر و کنونیئر چوہدری طارق کی زیرصدارت اجلاس کے آغاز پر میئر راولپنڈی سردار نسیم نے ہاؤس کو بتایا کہ کارپوریشن کے شعبہ انفرا سٹرکچر کے انجینئرز اور ایکسئین نے نئی سکیمیں تیار کی ہیں جس پریونین کونسل وارث خان سے منتخب چیئر مین انجم فاروق پراچہ نے نشاندہی کی کہ ان کی یونین کونسل میں خانہ پری کے لئے بوگس سکیمیں شامل کی گئی ہیں جن میں ایک سکیم جس پر کام کی ضرورت ہے اس پر بھی صرف75 لاکھ روپے درکار ہیں جبکہ بجٹ میں اس کے لئے 2کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں اسی طرح بھابڑا بازار میں ایم سی گرلز سکول کے لئے میں نے کوئی سکیم ہی نہیں دی لیکن یہاں ایک کروڑ روپے رکھے گئے ہیں۔ راجہ مشتاق، غیور اختر بٹ، اظہر اقبال ستی، ملک سلطان محمود اور راجہ حفیظ سمیت دیگر نے شہر میں تجاوزات کی بھرمار پر تنقید کرتے ہوئے الزام لگایا کہ ذمہ دار چیف افسر اور میونسپل افسر ریگولیشن ہیں۔ تجاوزات کے باعث گھنٹوں ٹریفک جام رہنا اوربالخصوص خواتین کا پیدل گزرنا بھی محال ہے جس پر اجلاس میں موجود میونسپل افسر ریگولیشن عمران علی نے کہا کہ ہم جہاں بھی تجاوزات کے خلاف کاروائی کرتے ہیں سیاسی مداخلت اور تاجروں کی مزاحمت آڑے آجاتی ہے منتخب ہاؤس اس کارروائی میں سیاسی مداخلت روکنے کی ضمانت دے ہم ایک ہفتے میں پورے شہر کو تجاوزات سے پاک کر دیں گے جس پر میئر سمیت پورے ہاؤس نے مداخلت کے خاتمے کی یقین دہانی کراتے ہوئے میونسپل افسر ریگولیشن کو یقین دلایا کہ وہ مکمل اختیارات کے ساتھ تجاوزات کے خلاف کارروائی کا آغاز کریں تمام بلدیاتی نمائندے ان کے دست و بازو بنیں گے، اس موقع پر میئر سردار نسیم نے کہا کہ ہم اس حوالے سے ایک کمیٹی بھی تشکیل دے رہے ہیں جبکہ موثر اور فوری کاروائی کے لئے شہر کو چار سیکٹروں میں تقسیم کیا جائے گا ۔قبل ازیں اجلاس کے آغاز پر میونسپل افسر فنانس کی جانب سے پیش کردہ قرار داد میں کہا گیا کالعدم میٹرو پولیٹن کارپوریشن نے ایڈمنسٹریٹر کی منظوری سے راجہ بازار، فوارہ چوک سے ڈنگی کھوئی دونوں اطراف سنگل لائن، اقبال روڈ کمیٹی چوک تا چٹیاں ہٹیاں روڈ دونوں اطراف سنگل لائن، جامع مسجد روڈ سے بنی چوک سے پل شاہ نذر دیوان دونوں اطراف سنگل لائن، 5thروڈ رحمان آباد چوک تا طیبہ ہوٹل دونوں اطراف سنگل لائن پارکنگ فیس لاگو کی گئی تھی جس پر ٹھیکیدار نے ریکوری بھی شروع کی لیکن ریکوری ممکن نہ ہو سکی جس پر تمام اراکین نے سکستھ روڈ پر پارکنگ پرچی کی بھی مذمت کرتے ہوئے مذکورہ تمام پوائنٹس کو گزٹ نوٹیفکیشن سے خذف کرنے کی منظوری دے دی، میئر راولپنڈی نے کہا کہ راولپنڈی مین قبرستانوں کی چار دیواری، ٹف ٹائل اور صفائی سمیت مختلف امور کیلئے آٹھ کروڑ روپے مختص کر دیئے گئے ہیں جس پر جلد کام شروع ہو جائے گا جبکہ رکھ دھمیال میں نئے قبرستان کے لئے مختص ایک ہزار کنال اراضی میں سے 100کنال پر 2کروڑ روپے کی لاگت سے ابتدائی کام کا آغاز کیا جارہا ہے اسی طرح 4نئی میت بسیں بھی خریدی جائیں گی۔
تازہ ترین