• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کشمیریوں پر بھارتی مظالم کو ہر فورم پر بے نقاب کیا جائیگا‘سینیٹر ثمینہ

کوئٹہ(پ ر) کشمیریوں کے حق خودارادیت کی جدوجہد کو کچلنے کیلئے بھارتی سازشیں اور ہتھکنڈے ناکام ہو چکے ہیں۔ ان خیالات کا اظہارکنوینر ذیلی کمیٹی برائے قائمہ وزارت داخلہ سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے لندن میں برطانوی پارلیمنٹ کے دورہ کے موقع پر کیا۔انہوںنے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر کی ڈیموگرافی تبدیل کرنے کی سازش کررہا ہے، مقبوضہ کشمیر کے عوام بھارت کی ہر سازش کا ڈٹ کر مقابلہ کررہے ہیں۔پاکستان نے ہمیشہ بھارت کے تمام سفاکانہ اقدامات کو بے نقاب کیا اور آئندہ بھی کشمیریوں کے خلاف بھارتی مظالم کو دنیا کے سامنے لاتا رہے گا ۔سینیٹ آف پاکستان میں قائد ایوان سینیٹر شہزاد وسیم کی قیادت میں سینیٹ کے وفد نے لندن میں پاکستانی ہائی کمشنر معظم احمد خان ، کشمیر پارلیمنٹری گروپ کے سیکرٹری لارڈ قربان حسین ، جموں و کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل کے چیئرمین راجہ نجابت حسین سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دیگر امور کے علاوہ کشمیر کی صورتحال اور بین الاقوامی سطح پر کشمیریوں کے حق میں اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر سینیٹر شہزاد وسیم ، سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری ، سینیٹر ڈاکٹر زرقا سہروردی تیمور ، سینیٹردنیش کماراور سینیٹر فوزیہ ارشد نے اپنے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام بھارت کی ہر سازش کا ڈٹ کر مقابلہ کررہے ہیں۔ پاکستان نے دنیا کے ہر فورم پر کشمیریوں کی آواز بھرپور انداز میں اٹھائی ۔اس موقع پر پاکستانی ہائی کمشنرمعظم احمد خان نے اوورسیز بالخصوص برطانیہ میں پاکستانی وکشمیری کمیونٹی کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ مظلوم کشمیریوں کی تحریک حق خود ارادیت کی حمایت ہر فورم پر کی جائے گی ۔ اس موقع پر ہائوس آف لارڈز کے رکن لارڈ قربان حسین نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی تشویشناک صورتحال کا عالمی دنیا نوٹس لے۔ جموں و کشمیرتحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل کے چیئرمین راجہ نجابت حسین نے کہا کہ ہم اپنے مظلوم کشمیری بہن بھائیوں کی آواز کو نہ صرف برطانیہ بلکہ یورپ سمیت دنیا بھر میں ہر سطح پر اٹھانے کے لئے ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔وفد نے برطانوی پارلیمنٹ کے دورے کے دوران شیڈومنسٹرز بیرسٹر عمران حسین، افضل خان ،خالد محمود ، ایم پی جیوڈتھ کامنز، لیبر فینڈز آف کشمیر کے کنوینر لارڈ واجد خان اور دیگر ارکان پارلیمنٹ سے بھی ملاقاتیں کیں۔
تازہ ترین