• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

واسا شہریوں کو پانی کی فراہمی میں ناکام ہوگیا‘ پشتونخوامیپ

کوئٹہ( پ ر) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی بیان میں کوئٹہ شہر میں پانی کی قلت اور شہریوں کو درپیش مشکلات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ حکومت بالخصوص محکمہ واسا شہریوں کو پانی کی فراہمی میں مکمل طور پر ناکام ہوچکا ہے جس کے باعث شہری پانی کی بوند بوند کو ترس گئے۔ بیان میں کہا گیا کہ ضلعی انتظامیہ پہلے ہی ٹینکرز مافیا کے سامنے بے بس ہوچکی تھی، انتظامیہ نے ٹینکرز مافیا کی جانب سے ہر علاقے کی سطح پردی گئی قیمتوں کو من وعن وہاں کے شہریوں پر مسلط کردیا اور شہری مجبوراً انہی بڑھتی ہوئی قیمتوں میں پانی خریدنے پر مجبور ہوگئے ۔ بیان میں کہا گیا کہ شہرکی مختلف شاہراہوں بالخصوص گلی محلوں کی سطح پر ٹریفک کے مسائل ،کم عمر بغیر لائسنس ناتجربہ کار ڈرائیور وں کے ذریعے ٹریکٹرز چلانے اور ٹریفک حادثات میں انسانی جانوں بالخصوص معصوم بچوں کے جاں بحق ہونے کے بڑھتے واقعات سے شہریوں میں غم وغصہ پایا جاتا ہے ۔بیان میں کہا گیا کہ صوبائی حکومت تو شہریوں کو پانی کی فراہمی میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے۔عدلیہ محکمہ واسا اور پی ایچ ای کے تمام بند وغیر فعال ٹیوب ویلوں کو فعال بنانے ، تیار ٹیوب ویلوں کو پی ایچ ای یا واسا کے ہینڈ اوور کرنے کی سختی سے ہدایت کرے کہ وہ شہریوں کو پانی کی فراہمی یقینی بنائیں کیونکہ محکمہ واسا کی جانب سے اکثر بجلی کے بلوں کی عدم ادائیگی ،بجلی کی لوڈشیڈنگ، ٹیوب ویل کی مشینری خراب ہونے ،کیسکو کی جانب سے ٹرانسفارمر لے جانے کے حیلے بہانے کئے جاتے ہیں جبکہ گھر گھر دیئے گئے نلکوں میں کئی کئی روز پانی کا قطرہ تک نہیں آتا ۔ دوسری جانب سے واسا کی جانب سے ہفتہ اتوار کی چھٹی کے باعث بھی شہریوں کو پانی فراہم نہیں کیا جاتا، واسا حکام کی اپنی مرضی کے مطابق بعض علاقوں میں آئے روز پانی کی فراہمی جاری رہتی ہے اور بعض علاقوں میں ہفتے میں صرف دو یا تین دن کم پریشر کے ساتھ پانی صرف آدھے گھنٹے کیلئے فراہم کیا جاتا ہے ۔ بیان میں مطالبہ کیا گیا کہ واسا اور پی ایچ ای کے ٹیوب ویلوں کو فعال اورٹینکرز مالکان سے مذاکرات کرکے شہریوں کو پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
تازہ ترین