• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان میں مہنگائی کے تذکرے بیرون ملک بھی ہونے لگے

اسلام آباد( فاروق ا قدس) ملک بھر میں روز افزوں بڑھتی ہوئی مہنگائی سے زبوں حالی کا شکار پاکستانی عوام کی پریشانیوں اور آلام کے تذکرے اب پاکستان کے باہر سے بھی ہونے لگے ہیں اور اب وہ ممالک جن کے عوام بھی کم و بیش پاکستان جیسی ہی صورتحال کا شکار ہیں وہ بھی تنقید اور حکومتی نااہلی کے تذکرے کر کے پاکستان کیخلاف اپنی بھڑاس نکال رہے اور اس صورتحال کا حوالہ خود سربیا میں پاکستانی سفارتخانے کےملازمین کی جانب سے جاری ایک ٹویٹ اور پاکستانی گلوکار کی وائرل ہونے والی مزاحیہ ویڈیو بنی جس کا عنوان وزیراعظم عمران خان کے ایک اس مقبول فقرے کا ہے جو وہ ملک میں کسی بھی بحران کے موقع پر اپنے رفقاء اور عوام کی تسلی کے لئے بولتے ہیں’’ آپ نے گھبرانا نہیں ہے‘‘۔

 ہوسکتا ہے کہ حقائق پر مبنی صورتحال کے پیش نظر سفارتخانے کے ملازمین کا یہ ٹویٹ اور ویڈیو سوشل میڈیا کے ناظرین اور دیگر حلقے حکومت پر معمول کے طنز اور تنقید کے زمرے میں شمار کر کے اسے وقتی تشویش اور فکر مندی کے بعد نظر انداز کر دیتے ہیں۔ 

لیکن سربیا میں پاکستان سفارتخانے کے سٹاف ممبرز نے پاکستان کے عوام کی اجتماعی پریشانی کے پیش نظر اپنی اس انفرادی عمل کو پاکستانی سفارتخانے کے آفیشل اکائونٹ سے وائرل کیا تاکہ صرف ان کی ہی نہیں عوام کی ترجمانی بھی موثر انداز میں ہو جائے۔

(@pakinserbia) جو سربیا میں پاکستانی سفارتخانے کا آفیشل اکائونٹ ہے سے ٹوئٹ کیا گیا جس میں وزیراعظم سے کہا گیا کہ ’’ آپ ہم سرکاری اہلکاروں سے تنخواہ کے بغیر خاموشی کیساتھ کب تک کام کرنے کی توقع رکھتے ہیں ،آپ کے نئے پاکستان میں ہمارے بچوں کو فیسوں کی عدم ادائیگی کے باعث نکالا جارہا ہے۔

’’ جونہی سفارتخانے کےآفیشل اکائونٹ سے ٹوئٹر اور پاکستانی گلوکار کی حالات پر طنز و تشنیع کی ویڈیو وائرل ہوئی وزارت خارجہ کے حکام کے تشویش پر مبنی ٹیلیفونک رابطے شروع ہوگئے کیونکہ کسی بھی پاکستانی سفارتخانے کے آفیشل ٹوئٹر سے اس نوعیت کا کوئی اظہار سفارتی تاریخ کا غالباً پہلا واقع ہے۔

 سربیا میں پاکستانی سفیر اور دیگر حکام سے صورتحال پر استفسار کیا گیا اور آفیشل ٹوئٹر اکائونٹ سے مہنگائی اور تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف وزیراعظم پر تنقیدی ٹوئٹ پر ترجمان کی جانب بیان دیا۔

 ترجمان نے یہ موقف اختیار کیا کہ سفارتخانے کے ایک ٹوئٹر، فیس بک اور انسٹا گرام اکائونٹس ہیک کر لئے گئے ہیں ان اکائونٹس کے پیغامات کا سفارتخانے سے کوئی تعلق نہیں اور کچھ ہی دیر بعد سفارتخانے کے ا کائونٹس سے ٹوئٹ ہٹا دی گئی۔

بعد ازاں اس حوالے سے پاکستان کی معاشی صورتحال اور حکومتی کارکردگی کے بارے میں تجزیوں اور تبصروں کا سلسلہ بھی شروع ہوگیا، جن میں کی جانیوالی تنقید اور حکومت پر الزامات میں سرفہرست انڈین میڈیا تھا ۔

تازہ ترین