• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سری لنکن شہری کو قتل کرنیوالوں کے ہجوم میں دو افراد نے انسانیت کی لاج رکھ لی

سیالکوٹ (خبرایجنسی)سری لنکن شہری کو قتل کرنیوالوں کے ہجوم میں 2افراد نے انسانیت کی لاج رکھ لی،مشتعل ہجوم میں 2افراد ایسے بھی تھے جو سسکتی انسانیت کو بچانے کی جدوجہد کرتے رہے، سامنے آنے والی ویڈیوز میں دیکھاجاسکتا ہے کہ وحشی ہجوم کے درمیان ایک بے بس شخص لوگوں کے سامنے ہاتھ جوڑتا رہا اور پریانتھا کمارا کی زندگی کی بھیک مانگتا رہا تاہم بے حس ظالم ہجوم میں سے کسی نے ایک نہ سنی، الٹا اسی کو دھکے مارے گئے، دائیں بائیں گھسیٹا گیا۔رپورٹ کے مطابق پریانتھا کمارا کو بچانیکی کوشش کرنے والوں میں ایک اور شخص بھی تھا جس نے اسے کَور کیا ہوا تھا اور خود مار کھا رہا تھا اور اسے بچانے کی کوشش کر رہا تھا۔پولیس نے دیگر ملزمان کے علاوہ دونوں افرادکو بھی اپنی تحویل میں لے رکھا ہے،اس حوالے سے میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا کہ پریانتھا کمارا کو بچانے کیلئے خود کی جان خطرے میں ڈالنے والا دوسرا شخص اسی فیکٹری کا پروڈکشن منیجر تھا جو جان ہتھیلی پر رکھ کر پریانتھا کمارا کو بچانے کی کوشش کر رہا تھا،رپورٹ کے مطابق پریانتھا کمارا پر جب فیکٹری ملازمین نے حملہ کیا تو پروڈکشن منیجر نے انہیں چھت پر چڑھا کر دروازہ بند کردیا،تاہم 20سے25مشتعل افراد دروازہ توڑ کر اوپر آگئے اور پریانتھا پر حملہ کردیا، اس موقع پر پروڈکشن منیجر درخواست کرتا رہا کہ اگر پریانتھا نے کچھ کیا ہے تو انہیں پولیس کے حوالے کر دیتے ہیںتاہم ہجوم نے ایک نہ سنی اور الٹا پروڈکشن منیجر کو زدوکوب کیا۔

تازہ ترین