بھارتی اداکار جوڑی کترینہ کیف اور وکی کوشل کی شادی قریب ہے جس کے سبب یہ دونوں ہی فنکار آج کل ایک دوسرے کے گھر کے خوب چکر لگا رہے ہیں۔
کترینہ کیف رواں ماہ کی 9 تاریخ کو پیا گھر سدھارنے والی ہیں، کترینہ کیف اور اُن کے ہونے والے دولہے وکی کوشل کی شادی کی تیاریاں عروج پر ہیں اور یہ دونوں ہی آج کل ایک دوسرے کے گھر کے چکر لگانے میں کافی مصروف نظر آ رہے ہیں۔
میڈیا سے اپنی شادی لاکھ چھپانے کے باوجود بھی اب اس جوڑی کی شادی کی تصدیق ہوچکی ہیں اور بھارتی میڈیا اس جوڑی کی پل پل کی خبر بھی رکھ رہا ہے۔
گزشتہ روز کترینہ کیف نے اپنے ہونے والے شوہر وکی کوشل کے گھر کا رُخ کیا، اس دوران کترینہ کیف نے سفید رنگ کی خوبصورت ساڑھی زیب تن کی ہوئی تھی، کترینہ کیف اِن وائرل ویڈیوز میں خوش اور پراعتماد بھی دکھائی دے رہی ہیں۔
کچھ روز قبل وکی کوشل بھی کترینہ کیف کے گھر گئے تھے، اس دوران بھی میڈیا نے وکی کوشل کا پیچھا کرتے ہوئے اس خبر کی تصدیق کی تھی کہ اس جوڑی کی شادی ہونے والی ہے۔