• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اپوزیشن کے استعفے اعلانات لطیفے بنے، سینیٹر فیصل جاوید

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر فیصل جاوید کا کہنا ہے کہ ہمیں وہ اپوزیشن نہیں ملی جس کی تعمیری جمہوریت میں ضرورت ہوتی ہے، ان کے استعفے اعلانات لطیفے بنے، یہ نیب قوانین میں اپنی مرضی کی ترامیم چاہتے ہیں، عمران خان آج ان سے این آر او کرلیں یہ کبھی نہیں نکلیں گے ۔

سینیٹر فیصل جاوید نے اپنے بیان میں کہا کہ سیاسی سرگرمی ہونی چاہیے، ہر پارٹی کو احتجاج کا حق ہے، یہ چھوئی موئی اپوزیشن کر رہے ہیں یہ ایک کمزور اپوزیشن ہے، یہ 23 مارچ کا اعلان کر رہے ہیں موسٹ ویلکم، سلامی کے چبوترے پر عمران خان ہی کھڑے ہوں گے۔

حکومتی سینیٹر نے کہا کہ انہوں نے پہلے بھی جلسوں اور استعفوں کا اعلان کیا ان کے استعفے لطیفے بنے ہیں، یہ آج اور ابھی دیں استعفے اسپیکر صاحب تیار بیٹھے ہیں وہ سائن کر دیں گے۔

فیصل جاوید کا کہنا تھا کہ افسوس کا مقام ہے نہ ہم صحیح طریقے سے اسلام اور نہ پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہیں، ملک کے ساتھ 40 ، 45 سال جو کیا گیا اس کو اب بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سیالکوٹ واقعے کا اسلام کی تعلیمات سے کوئی تعلق نہیں، ملک میں 99 فیصد سے زیادہ لوگوں نے سیالکوٹ واقعے کی مذمت کی ہے۔

سینیٹر نے بتایا کہ وزیراعظم آج سری لنکن منیجر کو بچانے کی کوشش کرنے والے ملک عدنان کو ایوارڈ دیں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ بھارت میں روز مسلمانوں پر ظلم و ستم کیا جا رہا ہے، مقبوضہ کشمیر میں ظلم ہو رہا ہے۔

تازہ ترین