کراچی(اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ کےمشیرِ زراعت منظو ر حسین وسان سے چینی قونصل جنرل مسٹر لی بی جیان اور نائب قونصل ڈینگ ہائی ژیاؤ اور چائنا مشینری انجینئرنگ کارپوریشن کے نائب جنرل منیجر ڈائے باؤ نے گزشتہ روزملاقات کی اس دوران منظور حسین وسان نے کہا کہ چین اور پاکستان کی دوستی پہاڑوں سے بلند و مضبوط اور سمندروں سے زیادہ گہری ہے۔چین نے زندگی کے تمام شعبوں میں بے مثال ترقی کی ہے۔منظور وسان کا کہنا تھا کہ پاک چین دوستی کی بنیاد پیپلز پارٹی کے بانی شہید ذوالفقار علی بھٹو نے رکھی جو ابھی تک قائم ہے۔ہم زرعی شعبےمیں چین کے تجربات سے استفادہ کرنا چاہتے ہیں تاکہ اپنی زرعی معیشت کو مستحکم کرسکیں۔سندھ حکومت جدید زرعی مشینری و آلات اور تازہ ترین زرعی تحقیق میں تبادلے سے زرعی معیشت کو بہتر بنانا چاہتی ہے اور سندھ کی زراعت کو جدید خطوط پر استوار کرنے میں چینی معاونت کا خیر مقدم کیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ ہم زرعی پیداوار کی ویلو ایڈیشن کے جدید طریقوں کو اپنا رہے ہیں اور زرعی پیداوار کی کولڈ اسٹوریج اور ٹرانسپورٹیشن کے نظام کو بہتر بنانا چاہتے ہیں۔ کاشتکاروں کی خدمت کرنا پیپلزپارٹی کے منشور میں شامل ہے۔منظور وسان نے کہا کہ آب پاشی کے مفید نظام کے لئے جدید طریقوں کا استعمال سندھ حکومت کی ترجیح ہے۔سماجی و معاشی ترقی کے ضمن میں چین کے تجربات بہت قیمتی ہیں۔سندھ میں سرمایہ کاری کے مختلف امکانات کی نشاندہیکرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت زراعت،کاشتکا ری، آب پاشی، کولڈ اسٹوریج اور دیگر تمام شعبوں میں چینی سرمایہ کاری کا خیر مقدم کرے گی۔