• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

55سال سے کم عمر ملازمین کی ریٹائرمنٹ کے احکامات واپس

راولپنڈی (وسیم اختر،سٹاف رپورٹر)پچیس سال سروس پوری ہونے پرریٹائرمنٹ لینے والے 55سال سے کم عمر صوبائی ملازمین کی ریٹائرمنٹ کے احکامات واپس لے لئے گئے ۔ذرائع کے مطابق قانون کے مطابق سرکاری ملازمین کی ریٹائرمنٹ کے لئے 60سال کی حد مقرر ہے جب کہ پنجاب سول سرونٹ ایکٹ 1974 کے تحت 25سال خدمات انجام دینے والے صوبائی سرکاری ملازمین کویہ صوابدیدی اختیارحاصل تھاکہ وہ ازخود درخواست دے کر پنشنلے سکتے تھے ،اس سہولت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے متعدد ملازمین ساٹھ سال سے پہلے ہی ریٹائرمنٹ لے لیتے تھے ،تاہم پنجاب حکومت نے ایک آرڈیننس کے ذریعے صوبائی ملازمین کے اس صو ابدیدی اختیارمیں ترمیم کردی ہے جس کے تحت اب صرف وہ ملازمین پچیس سال سروس ہونے پرریٹائرمنٹ لے سکیں گے جن کی عمر55سال ہوگی اس سے کم عمرکے ملازمین پرازخودریٹائرمنٹ لینے پرپابندی عائد کردی گئی ہے۔ اس ضمن میں رواں سال ریٹائرمنٹ لینے والے ایسے تمام ملازمین کوواپس بلالیاگیاہے جن کی عمرپچپن برس سے کم ہے ،ذرائع کے مطابق راولپنڈی میں پولیس ،صوبائل محکمہ تعلیم اوردیگرصوبائی محکموں کے تقریباً تین سوسے زیادہ ملازمین کو مذکورہ ترمیم کے بعدواپس ملازمت پرطلب کرلیاگیا ہے ۔راولپنڈی پولیس کے منسٹریل سٹاف کے چارملازمین سمیت متعددیونیفارم پرسنز کی ریٹائرمنٹ واپس لے لی گئی ہے اورآئی جی پولیس پنجاب نے اس حوالے سے تمام ضلعی پولیس افسروں اوریونٹوں کے نام جاری کئے گئے مراسلے میں ہدایت کی ہے کہ اس سلسلے میں ڈسٹرکٹ اکاؤنٹ آفسزسے رابطہ کرکے پچپن سال سے کم عمر میں ریٹائرمنٹ لینے والے ملازمین کوپنشن کی ادائیگی بارے احکامات واپس لئے جائیں ۔
تازہ ترین