• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان دنیا کا سستا ترین ملک، سردیوں کے بعد مہنگائی کم ہوگی، کورونا کی وجہ سے عالمی سطح پر چیزیں مہنگی ہوئیں، حکومت کیا کرتی، عمران خان


پشاور(ایجنسیاں)وزیراعظم عمران خان نے غریبوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کر نے کے لئے ملکی تاریخ کے سب بڑے سماجی تحفظ کے پرو گرام کا آغاز کرتے ہوئے کہاہے کہ حکومت پنجاب، ہیلتھ انشورنس پروگرام پر320ارب روپے خرچ کرے گی‘ کورونا کی وجہ سے عالمی سطح پر چیزیں مہنگی ہوئی ہیں‘ حکومت کیاکرتی ‘ سردیوں کے بعد مہنگائی میں کمی آئے گی ‘ اب بھی کہتا ہوں پاکستان دنیا کا سستا ترین ملک ہے ‘

یہاں دیگر ممالک کے مقابلے میں مہنگائی نہیں ہے‘کبھی نہیں کہاکہ لاہورکو پیرس اور پاکستان کو ایشین ٹائیگر بنائیں گے‘ہمارا مقصد پاکستان کواسلامی فلاحی ریاست بناناہے‘ ہمیں عوام کی مشکلات میں کمی لانی اورانہیں سہولیات فراہم کرنا ہوں گی‘ ہماری آمدن‘ٹیکس اور برآمدات میں اضافہ ہورہاہے‘ملک صنعتی بحالی کی طرف گامزن ہے ‘ہمارا ملک بہت تیزی سے ترقی کرے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو گورنر ہائوس پشاور میں کامیاب پاکستان پروگرام کے تحت میکرو ہیلتھ انشورنس کی افتتاحی ، خیبرپختونخوا حکومت کے مالی اعانت کے پروگرام کے تحت جامع مساجد کے اماموں اور احساس ایجوکیشن پروگرام کے تحت طلبا میں چیک تقسیم کرنے اور احساس راشن رعایت پروگرام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

ہیلتھ انشورنس پروگرام کے تحت خیبر پختونخوا کے 75 لاکھ خاندانوں کو 10 لاکھ روپے سالانہ مفت صحت کی سہولیات فراہم کی جائے گی۔

وزیر اعظم نے کہا کہ احساس راشن رعایت پروگرام کے اجراء سے شہریوں کو آٹا، گھی، تیل اور دالوں کی خریداری پر30 فیصدرعایت ملے گی، احساس راشن پروگرام کی کل لاگت 120ارب روپے ہے

پروگرام کے تحت 2 کروڑ خاندان اور تقریبا 13 کروڑ افراد مستفید ہوں گے جو ملک کی کل آبادی کا تقریبا 53 فیصد ہے، ماہانہ 50 ہزار سے کم آمدن والے خاندان اس پروگرام سے استفادے کے اہل ہوں گے‘ان کا کہناتھاکہ پورے پنجاب میں جنوری میں ہیلتھ انشورنس دے رہے ہیں۔

بلوچستان کے وزیر اعلی نے بھی ہیلتھ انشورنس دینے کا فیصلہ کیا ہے، جہاں جہاں ہماری حکومت ہے وہاں ہر خاندان کو علاج کے لیے 10 لاکھ روپے دیں گے۔

اس وقت ہم طلبہ کو اسکالر شپ کی مد میں 47 ارب 63 لاکھ روپے دے رہے ہیں‘آئندہ 10 سال میں 10 ڈیم بنائیں گے۔

عمران خان کا کہناتھاکہ اس وقت ہمارے ہاں پٹرول اور ڈیزل کے نرخ دنیا کے اکثر ممالک کے مقابلہ میں کم ہیں۔

عمران خان نے مزیدکہاکہ مسئلہ یہ ہے کہ ہمارے پاس جو بھی پیسہ اکٹھا ہوتا ہے وہ ماضی میں لیے گئے قرض کی ادائیگی پر جاتا ہے، قرض کی مد میں ادائیگی نہ کرنی ہوتی تو ہم مزید اچھے فلاحی کام کرسکتے تھے۔

تازہ ترین