• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہیلی کاپٹر حادثہ، بھارتی ڈیفنس چیف جنرل بپن راوت، اہلیہ عملے سمیت ہلاک

کراچی (نیوز ڈیسک) بھارتی ریاست تامل ناڈو میں انڈین فوج کاایم آئی-17 وی فائیو ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا، حادثے میں بھارتی ڈیفنس چیف بپن راوت اور ان کی اہلیہ و عملے سمیت 13افراد ہلاک ہوگئے ،انڈین وزیراعظم نریندر مودی ، بھارتی آرمی چیف جنرل جے جے سنگھ, بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر ، بھارتی اپوزیشن رہنما راہول گاندھی ودیگر نے بپن راوت کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے اپنے ملک کیلئے بڑا نقصان قرار دیاہے.

پاک فوج نے بھی بپن راوت کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کیا ہے، آئی ایس پی آر کے مطابق چیف جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا اور چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھارت میں ہیلی کاپٹر حادثے میں بھارتی چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل بپن راوت کی ہلاکت، ان کی اہلیہ اور دیگر قیمتی جانوں کے ضیاع پر تعزیت کی۔

تفصیلات کے مطابق بھارتی چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل بپن راوت ہیلی کاپٹر حادثے میں ہلاک ہوگئے ، حادثے میں ان کی اہلیہ اور عملے کے ارکان سمیت 13افراد ہلاک ہوئے ،ہیلی کاپٹر میں 14افراد سوار تھے ،ڈی ایس ایس سی پر ڈائریکٹنگ اسٹاف گروپ کپٹن ورون سنگھ ایس سی زخمی ہیں اور وہ اس وقت فوجی اسپتال ویلنگٹن میں زیر علاج ہیں۔

واقعہ بھارتی ریاست تامل ناڈو میں کُنور کے قریب لینڈنگ سے کچھ دیر قبل پیش آیا ، بھارتی فضائیہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا کہ ‘انتہائی افسوس کے ساتھ یہ واضح ہوگیا ہے کہ جنرل بپن راوت، ان کی اہلیہ مدھولیکا راوت اور ہیلی کاپٹر میں سوار دیگر 11 افراد واقعے میں ہلاک ہوگئے ہیں.

بھارتی فضائیہ نے کہا کہ جنرل بپن راوت ڈیفنس سروسز اسٹاف کالج ولنگٹن (نیلگری ہلز) میں اسٹاف کورس کے اساتذہ اور طلبہ کی ایک تقریب میں شرکت کیلئے جا رہے تھے ۔بیان میں کہا کہ دوپہر کے قریب بھارتی فضایہ کا ایم آئی-17 وی فائیو ہیلی کاپٹر عملے کے 4 افراد اور دیگر مسافروں کو لے کر جار رہا تھا اور تامل ناڈو میں کونور کے قریب حادثے کاشکار ہوا۔بھارتی میڈیا کے مطابق لاشوں کی شناخت ڈی این اے ٹیسٹ کے ذریعے کی جائے گی ۔

انڈین میڈیا کے مطابق تامل ناڈو کے وزیرجنگلات کے راماچندرن نے جائے وقوع سے بتایا کہ 7 لاشیں نکالی جاچکی ہیں۔بھارتی فضائیہ کے بیان میں کہا گیا کہ حادثے کی وجہ جاننے کے لیے انکوائری کا حکم دے دیا گیا ہے۔

بھارتی خبررساں ادارے نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ حادثے کی 4ممکنہ وجوہات ہوسکتی ہیں جن میں خراب موسم اور دھند کے باعث حد نگاہ کم ہوناشامل ہوسکتا ہے، اسی طرح دوسری وجہ علاقے میں پاور لائنز سے ہیلی کاپٹر کا ممکنہ ٹکراو ہوسکتی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق حادثہ جس مقام پر ہوا وہاں آبادی نہیں تھی اور ممکنہ طور پر ہیلی کاپٹر پاور لائنز سے ٹکرا گیا ہو ، ہیلی کاپٹر حادثے کی تیسری وجہ تکنیکی فالٹ ہوسکتی ہے جبکہ چوتھی وجہ ہیلی کاپٹر کے پرواز کی بلندی ہوسکتی ہے ، میڈیا رپورٹس کے مطابق ان چاروں وجوہات پر تحقیقات کی جائیں گی ۔

دریں اثناء بھارت کے آرمی چیف جنرل جے جے سنگھ نے این ڈی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ لاشیں جھلسی ہوئی ہیں جس کی وجہ سے ان کی شناخت میں مشکل پیش آرہی ہے۔

بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی نے ٹوئٹر پر بیان میں کہا کہ ‘جنرل بپن راوت غیرمعمولی سپاہی تھے، حقیقی محب وطن تھے اور ہماری مسلح افواج اور سیکیورٹی آلات جدید بنانے میں بڑا کام کیا۔

تازہ ترین