• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم نے بلدیاتی انتخابات پر الیکشن کمیشن کی ہدایات نظر انداز کردیں

پشاور (نمائندہ جنگ / نیوز ایجنسیز) وزیراعظم عمران خان نے بلدیاتی انتخابات کے موقع پر الیکشن کمیشن کی ہدایت نظر انداز کردیں اور پشاور پہنچ گئے تاہم خیبرپختونخوا حکومت نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کا دورہ پشاور انتخابی نہیں ،خالصتاً سرکاری نوعیت کا تھا اور ریاستی امور کے معمول کا حصہ ہےجبکہ ذرائع الیکشن کمیشن کے مطابق وزیر اعظم نے تقریب میں شرکت کی، یہ جلسہ نہیں تھا، ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی نہیں ہوئی ۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ہدایت نظرانداز کرتے ہوئے پشاور کا دورہ کیا۔

قبل ازیں الیکشن کمیشن آف پاکستان نے وزیراعظم عمران خان کو دورہ پشاور سے روک دیا تھا

الیکشن کمیشن کے ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسرپشاورنے وزیراعظم عمران خان کویاددہانی کا خط لکھ دیا،خط میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے وزیراعظم عمران خان کو پشاور کادورہ نہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے

الیکشن کمیشن کے مطابق خیبرپختونخوا میں 19؍ دسمبر کو بلدیاتی انتخابات ہونے جارہے ہیں ، پہلے مرحلے میں پشاور میں بھی بلدیاتی انتخابات کاانعقاد کیاجارہاہے لہٰذا انتخابی کے شیڈول کے اعلان کے بعد وزیراعظم کا متعلقہ مقام کادورہ کرنا ضابطہ اخلاق کی خلاف وزری تصور ہوگا۔

الیکشن کمیشن کااس حوالے سے مزید کہنا ہے کہ صدرمملکت ،وزیراعظم اور گورنرز انتخابی شیڈول کے اعلان کے بعد کسی بھی ڈویلپمنٹ اسکیم کیلئے متعلقہ حلقے کادورہ نہیں کرسکتے، ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر قانونی چارہ جوئی کی جاسکتی ہے اورالیکشن کمیشن الیکشن ایکٹ کے سیکشن 233 اور 234 کے تحت کارروائی کرسکتاہے۔

ادھر خیبر پختونخوا کے وزیر برائے ہائر ایجوکیشن کامران بنگش نے کہاہے کہ وزیر اعظم عمران خان کا دورہ پشاور انتخابی نہیں ،خالصتاً سرکاری نوعیت کا تھا، اور ریاستی امور کے معمول کا حصہ ہے۔

وزیراعظم صرف گورنر ہاؤس میں سرکاری تقریب میں شریک ہوئے،ایسی سرگرمیوں پر کوئی پابندی نہیں ، صوبے کے چند اضلاع میں بلدیاتی انتخابات ہو رہے ہیں۔

دوسری جانب کمیشن نے واضح کیا ہے کہ وزیر اعظم کے دورہ پشاور سے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی نہیں ہوئی ، الیکشن کمیشن کے سینئر ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نے گورنر ہائوس پشاور میں تقریب میں شرکت کی اور یہ کوئی جلسہ عام نہیں تھا

اسلئے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی نہیں ہوئی ، صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے سیکرٹری الیکشن کمیشن عمر حمید آج پشاور جائیں گے اور الیکشن کمیشن کے سینئر افسروں سے بلدیاتی انتخابات کے انتظامات کا جائزہ لیں گے ۔

تازہ ترین