• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بیان حلفی لانے کیلئے رانا شمیم کا لندن جانا ضروری نہیں، صداقت علی


کراچی (ٹی وی رپورٹ) تحریک انصاف کے رہنما صداقت علی عباسی نے کہا ہے کہ عدالت کو مطلوب کسی بھی شخص کو پیش کرنا حکومت کی ذمہ داری ہوتی ہے، رانا شمیم نے عدلیہ کی ساکھ کو نقصان پہنچایا ہے، بیان حلفی لانے کیلئے رانا شمیم جیسے شخص کا لندن جانا ضروری نہیں ہے۔ وہ جیو کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان منیب فاروق سے گفتگو کررہے تھے۔

پروگرام میں مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چوہدری اور سینئر تجزیہ کار ارشاد بھٹی بھی شریک تھے جبکہ سیالکوٹ واقعہ سے متعلق ڈی پی او سیالکوٹ عمرسعید ملک سے بھی گفتگو کی گئی۔

طلال چوہدری نے کہا کہ مسلم لیگ ن ابھی تک رانا شمیم کے معاملہ میں فریق نہیں بنی ہے، پی ٹی آئی پچھلے چار سال میں کی گئی تمام غلط کاریوں کی بینیفشری ہے، رانا شمیم کا نام ای سی ایل میں ڈالنا ضروری ہے تو ثاقب نثار کو بھی ای سی ایل پر رکھناچاہئے۔

ارشاد بھٹی نے کہا کہ شریف خاندان کا باہر جاکر واپس نہ آنے کا ٹریک ریکارڈ ہے، رانا شمیم سچا ہو یا ثاقب نثار یہ عدلیہ کی ساکھ پر حملہ ہے، رانا شمیم کے بیان حلفی لندن میں تیار کرنے اور وہاں رکھنے پر بہت سے سوالات اٹھتے ہیں۔

ڈی پی او سیالکوٹ عمرسعید ملک نے کہا کہ سانحہ سیالکوٹ بہت دلخراش واقعہ تھا، ملزمان کی گرفتاری کے بعد ریمانڈ اور تحقیقات کے مرحلہ میں ہیں، اس وقت پولیس کے پاس 34ملزمان ریمانڈ پر ہیں، ان ملزمان سے تحقیقات میں واقعہ کی تفصیلات سامنے آئیں گی۔

تحریک انصاف کے رہنما صداقت علی عباسی نےکہا کہ عدالت کو مطلوب کسی بھی شخص کو پیش کرنا حکومت کی ذمہ داری ہوتی ہے، رانا شمیم کا اچانک ضمیر جاگا اور انہوں نے لندن جاکر بیان حلفی لکھا جہاں نواز شریف بھی موجود ہیں، لندن سے بیان حلفی لانے کیلئے رانا شمیم جیسے شخص کا لندن جانا ضروری نہیں جس نے عدالت کی ساکھ کو نقصان پہنچایا ہے، لندن جا نے والوں کے حوالے سے ہمارا تجربہ کچھ اچھا نہیں ہے۔

صداقت علی عباسی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کا پشاور کا دورہ سرکاری تھااس سے الیکشن کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی نہیں ہوئی، بلدیاتی انتخابات چار مہینے جاری رہیں گے کیا وزیراعظم گھر بیٹھ جائیں، سوفیصد لوگوں کو پتا ہے کہ پچھلے دو سال سے کورونا ہے اور پوری دنیا بند ہے۔

مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چوہدری نے کہا کہ مسلم لیگ ن ابھی تک رانا شمیم کے معاملہ میں فریق نہیں بنی ہے، پی ٹی آئی پچھلے چار سال میں کی گئی تمام غلط کاریوں کی بینیفشری ہے، رانا شمیم کا نام ای سی ایل میں ڈالنا ضروری ہے تو ثاقب نثار کو بھی ای سی ایل پر رکھناچاہئے، حکومت تحقیقات کے بغیر کیسے ثاقب نثار کی بے گناہی کا فیصلہ کرسکتی ہے۔

طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ حکومت ثاقب نثار کی آڈیو کی فارنزک کروا کے احمد نورانی کو جھوٹا ثابت کیوں نہیں کرتی، عدلیہ پر حملہ اس وقت ہوتا ہے جب آپ آئین و قانون توڑنے والوں کو سزا نہیں دیتے، عمران خان کے پاس قول و فعل میں تضاد کا ورلڈکپ ہے

حکومت نے ایوان صدر کوآرڈیننس فیکٹری بنادیا ہے، حکومت کو الیکشن کمیشن کا ضابطہ اخلاق نہیں پسند تو قانون لے آئیں کہ وہ وزیراعظم کو نہیں روک سکتے،عالمی سطح پر مہنگائی 3.2فیصد جبکہ پاکستان میں مہنگائی 9فیصد بڑھ چکی ہے

دنیا میں اوسط آمدنی 11ہزار 300ہے جبکہ پاکستان میں صرف 1100ہے۔سینئر تجزیہ کار ارشاد بھٹی نے کہا کہ شریف خاندان کا باہر جاکر واپس نہ آنے کا ٹریک ریکارڈ ہے، رانا شمیم سچا ہو یا ثاقب نثار یہ عدلیہ کی ساکھ پر حملہ ہے

اگر جج ارشد ملک، ثاقب نثار کی آڈیو اور رانا شمیم کا بیان حلفی درست ثابت ہوتا ہے تو اس کا مطلب عدلیہ سے نواز شریف کیخلاف فیصلے کروائے گئے مگر ن لیگ اس میں فریق نہیں بن رہی ہے، ن لیگ جج ارشد ملک کی ویڈیو سے مکر چکی ہے، سابق چیف جج رانا شمیم کا تین سال بعد ضمیر جاگا اس کے بعد بھی وہ متعلقہ فورم سپریم جوڈیشل کونسل کیوں نہیں گئے۔

تازہ ترین