• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا کی وبا، انگلینڈ میں اب 40 سال اور زائد عمر کے افراد بوسٹر خوراک لے سکیں گے

لندن (پی اے) انگلینڈ میں 40 سال اور زائد عمر افراد اب ویکسین کی دوسری خوراک لینے کے تین ماہ بعد بوسٹر خوراک کے لئے اپنی رجسٹریشن کرا سکتے ہیں۔ حالیہ توسیع کا مطلب یہ ہے کہ نئے اومی کران ویرنیٹ پر تشویش جاری رہنے کے باعث مزید سات ملین افراد ’’ٹاپ۔اپ‘‘ ویکسین لے سکیں گے۔ این ایچ ایس چیف ایگزیکٹیو امانڈا پریچرڈ نے کہا کہ ویکسین دینے کا عمل تیز رفتاری کے ساتھ کرسمس تک جاری رہے گا۔ رجسٹریشن سسٹم کا اغاز ویکسین کی دوسری خوراک لینے کے دو ماہ بعد (61 یوم) ایک ماہ پیشگی شروع کر دیا جائے گا۔ انگلینڈ میں خدشات کا سب سے زیادہ سامنا کرنے والے افراد اب اپنی رجسٹریشن کروا سکیں گے۔ یہ اعلان ایک سال قبل کووینٹری کی ایک گرینڈ مدر کو کلینیکل ٹرائل کے بعد کوویڈ ویکسین (فائزر۔بائیو این ٹیک) کی پہلی خوراک دیئے جانے کے عین ایک سال بعد کیا گیا ہے۔ ایک سال بعد گفتتو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ویکسین لینا مجھے بہت اچھا معلوم ہوا تھا۔ 91 سالہ خاتون نے مزید کہا کہ این ایچ ایس کی شکرگزار ہوں جس کی وجہ سے ایک سال بہت شاندار گزرا۔ اس وقت کے بعد سے پہلی اور دوسری خوراک اور پھر بوسٹر خوراک کے ذریعے این ایچ ایس انگلینڈ کی جانب سے دی جانے والی مجموعی کوویڈ ویکسین کی تعداد تقریباً 100 ملین تک پہنچ گئی ہے۔ برطانیہ میں تمام بالغان کو اب کوویڈ بوسٹر خوراک دی جائے گی جبکہ 12 سے 15 سالہ نوجوان اپنی دوسری ابتدائی خوراک لیں گے۔ انگلینڈ ویلز اور سکاٹ لینڈ میں این ایچ ایس نے کہا ہے کہ تمام بالغان کو جنوری کے اختتام تک بوسٹر خوراک دی جائے گی حالانکہ اپوائنمنٹ اس کے بعد ملیں گے۔ 40 سال اور اس سے زائد عمر بعض افراد کو پہلے ہی ان کو ٹاپ۔اپ خوراک لینے کے لئے بلایا جا چکا ہے تاہم نئے اعلان کا مطلب یہ ہے کہ اب وہ لوگ خود اپنے اپوائنمنٹ لے سکیں گے۔

تازہ ترین