• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میرا ڈونا کی دبئی سے قیمتی گھڑی چرانے والے چور کو بھارت میں گرفتار کرلیا گیا

ارجنٹائن کے عظیم فٹ بالر ڈیاگو میراڈونا کی دبئی میں چوری ہونے والی کسٹمائزڈ گھڑی بھارت سے مل گئی، ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے (اے ایف پی) کے مطابق بھارتی پولیس نے 37 سالہ ملزم کو آسام سے گرفتار کیا ہے، ملزم 2016 سے دبئی کی ایک فرم میں کام کررہا تھا، جہاں فٹ بالر میرا ڈونا سے متعلق چیزیں محفوظ تھیں۔

ڈیاگو میرا ڈونا کی گھڑی کی قیمت 26 ہزار ڈالر سے زائد بتائی جارہی ہے، گھڑی کی پشت پر فٹ بالر کی تصویر بنی ہوئی ہے، اس کے ساتھ ہی گھڑی پر میراڈونا کی جرسی کے نمبر 10 کے علاوہ ان کے دستخط بھی موجود ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ اس قیمتی گھڑی کو میرا ڈونا کے لیے ان کی مرضی کے مطابق بنایا گیا تھا۔


وزیراعلیٰ آسام  ہمانتا بسوا شرما کا  اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہنا ہے کہ مقامی پولیس نے دبئی میں اپنے ہم منصبوں سے ملنے والی خفیہ اطلاعات کے بعد ملزم کو گرفتار کیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق پولیس نے ملزم کو آسام سے حراست میں لیا ہے اور اس کے قبضے سے سوئس ساختہ ہبلوٹ گھڑی بھی برآمد کی ہے، جبکہ ملزم دبئی میں مبینہ چوری کے بعد بھارت فرار ہوگیا تھا۔

بھارتی پولیس کے مطابق زیر حراست شخص نے الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اگست میں اپنے بیمار والد کی دیکھ بھال کے لیے آسام میں اپنے آبائی گھر واپس آیا تھا۔

یاد رہے کہ فٹبال کے عظیم ترین کھلاڑیوں میں شمار کیے جانے والے میراڈونا گذشتہ سال نومبر میں 60 سال کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔

تازہ ترین