وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ سانحہ اے پی ایس کے شہدا نے پوری قوم کو دہشتگردی کے خلاف متحد کیا، 16دسمبر کا دن آرمی پبلک اسکول کے شہدا کی عظیم قربانیوں کی ہمیشہ یاد دلاتا رہے گا۔
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے اے پی ایس کے شہداء کی برسی کے موقع پر کہا کہ سات برس گزرنے کے باوجود آج بھی ہم سانحہ اے پی ایس کو نہیں بھول سکے، بزدل شرپسند عناصر نے قوم کے مستقبل، نہتے کم سن بچوں پر حملہ کر کے انہیں شہید کیا، اس دن کو یاد کرکے کوئی اپنے آنسو نہیں روک سکتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ بحیثیت قوم ہم نے دہشتگردی کو شکست دینے کیلئے طویل سفر طے کیا، ہم دیرپا امن اور ترقی کی جانب گامزن ہیں۔
ان کا یہ بھی کہنا تھاکہ دعا ہے کہ ﷲ تعالیٰ آرمی پبلک اسکول کے شہدا کے درجات بلند کرے، ﷲ تعالی شہدا کے اہلخانہ کو صبرِ جمیل عطا کرے۔
یاد رہے کہ 16 دسمبر 2014ء کی صبح دہشت گردوں نے پشاور کے آرمی پبلک اسکول میں بزدلانہ کارروائی کرتے ہوئے 132 طالبِ علموں سمیت 141 افراد کو شہید کردیا تھا۔