• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

معاملے سے نمٹ لیں گے، کوہلی کے بیان پر گنگولی نے خاموشی توڑ دی

بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) آئی کے صدر سارو گنگولی نے بھارتی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی کی پریس کانفرنس پر خاموشی توڑدی، ان کا کہنا ہے کہ اس سے مناسب طریقے سے نمٹا جائے گا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سارو گنگولی نے کہا کہ ’ویرات کوہلی کے معاملے پر ہم کوئی بیان نہیں دیں گے اور نہ ہی کوئی پریس کانفرنس کریں گے۔‘

سارو گنگولی نے کہا کہ ’ہم اس سب سے مناسب طریقے سے نمٹیں گے اور اس معاملے کو بی سی سی آئی پر چھوڑ دیں گے۔‘

اس سے قبل گنگولی نے بھارتی میڈیا کو ایک انٹرویو میں بتایا تھا کہ ’بورڈ نے کوہلی سے ٹی ٹوئنٹی کپتانی جاری رکھنے کی درخواست کی تھی لیکن ان کے کپتانی سے دستبردار ہونے پر سلیکٹرز نے انہیں ون ڈے کی کپتانی سے بھی ہٹا دیا اور روہیت شرما کو ون ڈے کا نیا کپتان مقرر کیا گیا۔‘

گنگولی نے کہا تھا کہ ’ہم نے ویرات سے درخواست کی تھی کہ وہ ٹی ٹوئنٹی کی کپتانی سے دستبردار نہ ہوں لیکن وہ کپتانی جاری نہیں رکھنا چاہتے تھے لہذا، سلیکٹرز نے محسوس کیا کہ اُنہیں ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے دونوں کی کپتانی سے ہٹا دینا چاہیے۔‘

واضح رہے کہ بی سی سی آئی کی جانب سے روہت شرما کو ون ڈے ٹیم کا کپتان بنائے جانے کے بعد بھارتی کرکٹ میں نیا تنازع کھڑا ہوگیا ہے۔

ٹیسٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی ہیں، جبکہ جنوبی افریقا کے خلاف ہونے والی سیریز میں روہت شرما کو ٹیسٹ سے باہر رکھا گیا جبکہ ویرات کوہلی نے ون ڈے کھیلنے سے معذرت کرلی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کوہلی نے کہا تھا کہ میں سلیکشن کے لیے دستیاب تھا، دستیاب ہوں اور ہمیشہ بھارتی ٹیم کی سلیکشن کے لیے دستیاب رہا ہوں، میں ون ڈے کرکٹ کھیلنے کے لیے بے تاب تھا۔

انہوں نے بتایا تھا کہ میں نے ٹی ٹوئنٹی کی کپتانی چھوڑنے کا خود کہا سلیکشن کمیٹی نے مجھ سے ٹیسٹ ٹیم کی سلیکشن کا پوچھا اور بتایا کہ میں ون ڈے کا کپتان نہیں ہوں، ون ڈے ٹیم کے حوالے سے بات نہیں ہوئی، کپتان نہ ہونے کا کہا گیا تو ٹھیک ہے۔

تازہ ترین