• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن


یورپین لیڈرز کی جانب سے طے کیا گیا ہے کہ یورپین یونین اب اپنی حفاظت کی ذمہ داری خود لے گی۔

اس بات کا فیصلہ یورپین کونسل کے جمعرات کے روز برسلز میں منعقد ہونے والے اجلاس میں کیا گیا۔

اس اجلاس میں یورپین لیڈرز نے مختلف موضوعات پر غور کیا جن میں کوویڈ19 کی تازہ صورتحال، کرائسز مینجمنٹ، انرجی کی قیمتوں میں اضافہ، سیکیورٹی اور ڈیفینس، مائیگریشن کے بیرونی اثرات، بیلاروس، یوکرین، ای یو، افریقن یونین سمٹ اور یورو سمٹ شامل تھے۔

اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے یورپین کمیشن کی صدر ارسلا واندرلین اور یورپین کونسل کے صدر چارلس مشل نے روس کو خبردار کیا کہ اگر اس نے یوکرین کے خلاف اپنی فوجی جارحیت جاری رکھی تو اس کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔

دونوں یورپین راہنماؤں نے مزید خبر دار کیا کہ روس کی جارحیت کے خلاف یورپین یونین فوری طور پر روس کے خلاف پابندیاں عائد کردے گی جس کی روس کو بھاری قیمت ادا کرنا ہوگی۔

ان رہنماؤں نے روس سے مطالبہ کیا کہ وہ اس کشیدگی کو فوری طور پر ختم کرے۔

اجلاس کے دوران سیکیورٹی کے مسئلے پر گفتگو کرتے ہوئے یورپین ممبر ممالک کی قیادت نے نوٹ کیا کہ بڑھتے ہوئے عالمی عدم استحکام، پیچیدہ اسٹریٹجک مسابقت اور سلامتی کے خطرات سے نمٹنے کے لیے یورپین یونین اب اپنی حفاظت کی زیادہ ذمہ داری لے گی۔

اس حوالے سے لیڈرز نے کمیشن، کونسل اور یورپین ایکسٹرنل ایکشن سروس سے کہا کہ وہ دفاع کے لیے ایک اسٹریٹیجک طریقہ کار پر عمل اور اس کے لیے اپنی صلاحیت میں اضافہ کریں۔

اب یورپین یونین خود مختاری سے اپنے مفادات و اقدار کے فروغ، سیکیورٹی کے خطرات اور چیلنجز سے مؤثر طریقے سے نمٹنے کے لیے تیاری اور کام جاری رکھے گی۔

علاوہ ازیں یورپین لیڈرز نے کوویڈ 19 کی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے نئے ویریئنٹ اومی کرون کے تیز پھیلاؤ پر شدید تشویش ظاہر کی ہے اور طے کیا ہے کہ تیز ترین ویکسینیشن ہی اس کا تدارک ہے۔

تازہ ترین