• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کیریئر کے آغاز پر ہر ڈائریکٹر سے بات کی، کسی نے میرے ساتھ کام کا فیصلہ نہیں کیا، ابھیشک

بالی ووڈ کے شہنشاہ امیتابھ بچن کے بیٹے ابھیشک بچن کا اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں کہنا تھا کہ انہوں نے بطور ایک اداکار ملازمت پر موجود اچھا وقت بھی دیکھا اور ملازمت پر نہ ہونے کے وقت کا بھی سامنا کیا۔

ابھیشک نے یہ بات اقربا پروری اور ٹرولز کے حوالے سے رولنگ اسٹونز انڈیا سے اپنے ایک خطاب میں کہی۔

ان کا کہنا تھا کہ انہیں اپنی پہلی فلم کے حصول میں دو برس لگے، میرے کہنے کا مقصد یہ ہے کہ آپ چیزوں کو ذاتی طور پر نہیں کرسکتے، کیونکہ یہ صرف بزنس ہے۔

انہوں نے بتایا کہ میرے والد نے اس دوران کبھی کسی سے میرے لیے فلم بنانے کی بات نہیں کی، اپنے کیریئر کے آغاز سے قبل میں نے لگ بھگ تمام ہی ڈایریکٹرز صاحبان سے بات کی، تاہم انہوں نے میرے ساتھ کام کرنے کا فیصلہ نہیں کیا تھا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر آپکی فلمیں اچھا رزلٹ نہیں دے رہی ہیں، تو پھر کوئی بھی آپ پر ایک اور فلم بنانے کے لیے پیسہ نہیں لگائے گا، لہٰذا میں سمجھتا ہوں کہ اس حوالے سے اقربا پروری پر گفتگو کرنا کافی آسان ہے، لیکن ایسا کرتے ہوئے ہم بہت ساری تفصیلات بھول جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میرے 21 برس کے فلمی کیریئر میں بہت زیادہ کوششیں، دل شکستگی اور پریشانیاں شامل ہیں، یہ کوئی آسان معاملہ نہیں ہے۔

واضح رہے کہ 45 سالہ ابھیشک بچن نے اپنا فلمی کیریئر سن 2000 میں جے پی دتہ کی فلم ریفیوجی سے شروع کیا تھا۔

تازہ ترین