بھارت کی معروف اداکارہ و کامیڈین بھارتی سنگھ نے انکشاف کیا ہے کہ اُنہیں بیٹے کی نہیں بلکہ بیٹی کی خواہش ہے۔
اپنے حسِ مزاح کے سبب بھارت سمیت پاکستان میں بھی یکساں مداح رکھنے والی کامیڈین بھارتی سنگھ ماں بننے والی ہیں، اُنہوں نے اس خوشخبری کا اعلان اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر کیا تھا۔
گزشتہ روز ایک صحافی کی جانب سے بھارتی سنگھ سے سوال پوچھا گیا کہ وہ بیٹی کی خواہش مند ہیں یا بیٹے کی؟
جس پر بھارتی کا کہنا تھا کہ ’اُنہیں بیٹی کی خواہش ہے، وہ چاہتی ہیں کہ اُن کے ہاں بیٹی کی پیدائش ہو تا کہ جب وہ شوٹنگ سے گھر جاتے ہوئے کال کریں تو اُن کی بیٹی اُن کے لیے گھر واپسی پر چائے کا انتظام کر کے رکھے۔‘
بھارتی سنگھ کا مزید کہنا تھا کہ ’اُنہیں بیٹا نہیں چاہیے، جب وہ اپنے بیٹے کو کال کریں گی تو بیٹا آگے سے بتائے گا کہ وہ تو باہر کرکٹ کھیلنے گیا ہوا ہے۔‘