• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قائداعظم ٹرافی فائنلسٹ ٹیموں کو ہوٹل انتظامیہ نے اچانک کمرے خالی کرنے کا کہہ دیا


قائداعظم ٹرافی کی فائنلسٹ ٹیموں کو اچانک ہی ہوٹل انتظامیہ نے کمرے خالی کرنے کا کہہ دیا۔

کراچی میں جاری ملک کے سب سے بڑے فرسٹ کلاس کرکٹ ٹورنامنٹ میں بڑی انتظامی غفلت سامنے آگئی۔

قائد اعظم ٹرافی کی فائنلسٹ ٹیموں ناردرن اور خیبر پختونخوا کو اس وقت پریشان کن صورتحال کا سامنا کرنا پڑ گیا، جب مقامی فائیو اسٹار ہوٹل نے پاکستان کے اسٹار کھلاڑیوں سمیت تمام پلیئرز کو رات اچانک کمرے خالی کرنے کو کہہ دیا۔

ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے قائد اعظم ٹرافی میں شریک ٹیموں کے لئے کلب روڈ پر واقع ہوٹل میں بکنگ کرائی تھی۔

تاہم تصدیق شدہ بکنگ صرف 22 دسمبر تک کی تھی جبکہ 25 دسمبر سے ہونے والے فائنل کے لئے 2 ٹیموں کی مزید بکنگ کو بروقت کنفرم نہیں کیا گیا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کرکٹ بورڈ نے ہوٹل انتظامیہ کو کہا تھا کہ ایک بڑے گروپ کی آمد کی وجہ سے 22 کے بعد کی بکنگ کنفرمیشن صرف کسی بکنگ کی منسوخی کی صورت میں ہوگی۔

اس کے بعد ہوٹل انتظامیہ اور پی سی بی میں رابطہ نہ ہوا اور 22 دسمبر کی شب اچانک پلیئرز کو ہوٹل خالی کرنے کو کہہ دیا گیا۔

ذرائع بتاتے ہیں کہ ہوٹل انتظامیہ سے مزید رابطے نہ ہونے کے سبب پی سی بی کے متعلقہ محکمے نے از خود سمجھ لیا کہ دونوں ٹیموں کی بُکنگ ہوگئی ہوگی۔

دونوں کے درمیان رابطے کے فقدان کی وجہ سے کھلاڑیوں کو آخری لمحات میں ہوٹل بدلنا پڑا، فائیو اسٹار ہوٹل میں مقیم کھلاڑی یکدم شاہرہ فیصل پر واقع تھری اسٹار ہوٹل میں آگئے۔

پی سی بی حکام کا کہنا ہے کہ دیگر معیاری ہوٹل میں درکار تعداد میں کمرے نہ ملنے کی صورت میں کھلاڑیوں کو بہترین ممکنہ جگہ شفٹ کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ قائد اعظم ٹرافی کے فائنل میں شریک دونوں ٹیموں میں پاکستان کے ٹاپ اسٹارز بھی شامل ہیں۔

تازہ ترین