• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہزادہ ولیم اور کیٹ کے بچوں نے کس شاہی روایت کو برقرار رکھا؟

شہزادہ  ولیم اور کیٹ مڈلٹن اپنے بچوں کے ہمراہ، فوٹو فائل
 شہزادہ ولیم اور کیٹ مڈلٹن اپنے بچوں کے ہمراہ، فوٹو فائل

برطانوی شہزادہ ولیم اور کیٹ مڈلٹن کے بچوں نے کرسمس پر شاہی خاندان کی ایک خاص دیرینہ روایت کی پیروی کو یقینی بنایا۔

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق، ڈیوک اور ڈچز آف کیمبرج کے بچوں نے برطانیہ کے شاہی خاندان کے جرمن ورثے کے مطابق اپنی دیرینہ روایات کے مطابق  کرسمس کی تعطیلات منائی ہیں۔

شاہی خاندانی روایات میں سے ایک کرسمس کی شام کو اپنے تحائف کو کھولنا بھی شامل ہے، جبکہ بہت سے لوگ کرسمس کے دن تک اپنے تحائف کھولنے کا انتظار کرتے ہیں۔

شہزادہ ولیم اور کیٹ کے بچوں 8 سالہ شہزادہ جارج، 6سالہ شہزادی شارلٹ اور 3 سالہ شہزادہ لوئس، کو بھی یہ خاص روایت سکھائی گئی ہےکہ اُنہیں اپنے باقی کزنز سے پہلےکرسمس کی شام کو تحائف کھولنے ہیں۔

سابق شاہی شیف ڈیرن میک گریڈی نے ایک انٹرویو میں بتایا تھا کہ ’برطانوی شاہی خاندان جرمن نسل کا ہے،  اس لیے وہ اپنی تقریبات بھی جرمن روایات کے مطابق مناتے ہیں‘۔

انہوں نے بتایا تھا کہ شاہی خاندان کے افراد، دوپہر کی چائے کے بعد کرسمس کے موقع پر تحائف کھولتے ہیں، جیسا کہ جرمن روایت ہے‘۔

اس سال، ڈیوک اور ڈچز آف کیمبرج نے کرسمس اپنی نارفوک میں انمر ہال کی رہائش گاہ پر منائی، کیونکہ برطانیہ میں اومیکرون کےکیسز میں اضافہ ہونے کی وجہ سےسینڈرنگھم میں ملکہ برطانیہ کے روایتی کرسمس تہوار  کو منسوخ کر دیا گیا تھا۔

تازہ ترین