نئی دہلی (جنگ نیوز )بھارت نے الزام عائد کیا ہے کہ چین نے زیر قبضہ ہمارے علاقوں کے نئے نام رکھ دیئے، تفصیلات کے مطابق بھارتی وزارت خارجہ نے کہا کہ چین نے متنازع ہمالیائی خطے میں مختلف مقامات کے نئے نام رکھ دیے ہیں، بھارتی وزارت خارجہ نے چین کی جانب سے اروناچل پردیش میں بعض مقامات کے نام تبدیل کرنے کے اقدام پر سخت اعتراض کیا ہے اور کہا ہے کہ اروناچل پردیش ہمیشہ بھارت کا اٹوٹ انگ رہا ہے اور رہے گا۔ ناموں میں تبدیلی سے متعلق رپورٹس پر ردعمل دیتے ہوئے بھارتی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ چین نے ماضی میں بھی ایسا کیا ہے لیکن اس سے حقائق میں کوئی تبدیلی نہیں آئی،واضح رہے کہ چین نے اروناچل پردیش میں 15 مقامات کے لیے چینی، تبتی اور رومن میں نئے ناموں کی فہرست جاری کی ہے۔ چینی کمیونسٹ پارٹی کے زیر اثر سمجھے جانے والے انگریزی روزنامے گلوبل ٹائمز نے جمعرات کو اس سے متعلق خبر شائع کی تھی۔اس خبر کے مطابق چین کی شہری امور کی وزارت نے بدھ کو اعلان کیا کہ اس نے زنگنان (اروناچل پردیش کا چینی نام) کے 15 مقامات کے نام چینی، تبتی اور رومن میں جاری کیے ہیں۔