• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بیلجیئم: نیو ایئر نائٹ پر پولیس کے چھاپے، سرکاری املاک جلانے پر 58 افراد گرفتار

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

بیلجیئم میں نیو ایئر نائٹ پولیس کے لیے عذاب بنی رہی، پولیس ذرائع کے مطابق صرف دارالحکومت برسلز میں اس رات 400 سے زائد مرتبہ پولیس کو مختلف وجوہات کی بناء پر مداخلت کرنا پڑی۔ 

یاد رہے کہ کورونا وائرس بلخصوص اس کے ویرینٹ اومی کرون کے بڑھتے ہوئے پھیلاؤ کی روک تھام کی غرض سے حکومت نے اس دن کسی بھی جگہ پر جمع ہونے اور آتش بازی سے منع کیا تھا۔

تاہم منچلوں نے اسے ہوا میں اڑا دیا اور نئے سال کی رات آتش بازی سے گونجتی رہی، اس رات کے واقعات کے حوالے سے پولیس ذرائع نے اب جو معلومات مہیا کیں ان کے مطابق صرف دارالحکومت برسلز میں پولیس نے 400 دفعہ آپریشن کیا۔

اس دوران 100 سے زیادہ گرفتاریاں عمل میں آئیں، اس دوران 6 گاڑیوں سمیت 41 سے زائد اشیاء کو آگ لگائی گئی۔ جن اشیاء کو آگ لگائی گئی ان میں عوامی بس شیلٹر، ڈسٹ بن اور مختلف اشتہاری کمپنیوں کی اشیاء شامل تھیں۔ مجموعی طور پر 72 مرتبہ فائر برگیڈ اور 120 مرتبہ ایمبولینس کو بلانا پڑا۔

دوسری جانب بیلجیئم کے دوسرے بڑے شہر اینٹورپن میں آتش بازی روکنے والی پولیس کی گاڑیوں کو ہی اس آتش بازی کا نشانہ بنادیا گیا۔

اس کے علاوہ مختلف عوامی چیزوں کو آگ لگائی گئی، اس مداخلت کے نتیجے میں پولیس نے اس ریجن میں 58 افراد کو گرفتار بھی کیا، ایسے ہی واقعات دوسرے شہروں سے بھی رپورٹ کیے گئے ہیں۔

بیلجیئم کے ایک اور شہر لئیج میں اس رات ایک پولیس آفیسر کو ایک خاتون نے اس کے بازو پر اس وقت کاٹ لیا جب پڑوسیوں کی جانب سے شور کی شکایت پر پولیس اس کے فلیٹ پر پہنچی تھی۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید