• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مصنّفہ: نسرین اسلم شاہ

صفحات: 168، قیمت: 500 روپے

ناشر: شعبہ سماجی بہبود/ سینٹر آف ایکسیلینس فار ویمنز اسٹڈیز، جامعہ کراچی، انجمن ترقیٔ نسواں اور کنسلٹنٹ: کراچی اسٹڈیز سوسائٹی۔

مصنّفہ جامعہ کراچی کی سابقہ رئیسہ کلیہ فنون وسماجی علوم اور ڈائریکٹر سینٹر آف ایکسیلینس فار ویمنز اسٹڈیز ہیں۔ کراچی کی تاریخ پر تحقیق اُن کی دل چسپی کا خاص موضوع ہے اور اِس حوالے سے وہ کئی کتب بھی تحریر کر چُکی ہیں۔اُن کی کتاب’’ شہروں میں شہر، کراچی‘‘نے تو بہت مقبولیت حاصل کی۔زیرِ تبصرہ کتاب بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے، جو حالیہ دنوں میں منظرِ عام پر آئی ہے۔

پروفیسر ڈاکٹر نسرین اسلم شاہ نے اِس کتاب میں کراچی کے تمام18 ٹائونز کی 200 سے زاید معروف گلیوں کا تذکرہ کیا ہے۔ اِس مقصد کے لیے اُن کی نگرانی میں تحقیقی ٹیمز نے شہر کے گلی کوچوں میں جاکر لوگوں کے انٹرویوز کیے اور جدید تحقیقی اصولوں کے مطابق تیار کردہ سوال نامے کے تحت ضروری مواد جمع کیا، جس کا بنیادی تاریخی ماخذات سے موازانہ کیا گیا اور پھر اُس مواد کو کتاب کا حصّہ بنایا گیا۔ 

یوں یہ کتاب کراچی کی تاریخ پر تحقیق کرنے والوں کے لیے کسی حوالہ جاتی دستاویز سے کم نہیں۔ اِس میں گلیوں کے ناموں کی دِل چسپ کہانیاں، وہاں ہونے والے کاروبار اور وہاں کے باسیوں کی تفصیلات بیان کی گئی ہیں، جب کہ کتاب کے آغاز میں18 صفحات پر مشتمل’’ کراچی: شہرِ بے مثال‘‘ کے عنوان سے اِس شہر کا تعارف بھی شامل ہے۔ مصنّفہ کا کہنا ہے کہ وہ اِس کام کو زیادہ وسیع پیمانے پر کرنے کا ارادہ رکھتی تھیں، مگر مُلک میں تحقیق و تدریس سے وابستہ افراد کو جن مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، اُس کے سبب جتنا کام ہوسکا، وہ عوام اور محقّقین کے لیے پیش کردیا گیا ہے۔