سلمان خان کی جانب سے اپنی سپر ہٹ فلم ’بجرنگی بھائی جان‘ کے سیکوئل کے اعلان کے بعد ہدایتکار کبیر خان نے ایک مرتبہ پھر اس کی تردید کرتے ہوئے فلم کو سلمان خان کی اپنی فلم قرار دے دیا، جبکہ وہ فلم کا سیکوئل بنانے کے حق میں بھی دکھائی نہیں دے رہے۔
ایک حالیہ انٹرویو کے دوران بجرنگی بھائی جان کے ہدایت کار کبیر خان کا کہنا تھا کہ پَون پترا بھائی جان ممکنہ طور پر لکھی جارہی ہوگی، انہوں نے فلم کے بارے میں اس لیے بتایا کیونکہ وہ پہلی فلم کو لے کر بے حد پرجوش تھے۔
واضح رہے کہ سلمان خان نے اپنی سالگرہ کے موقع پر اپنے فارم ہاؤس میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے اشارہ دیا تھا کہ ان کی فلم بجرنگی بھائی جان کا سیکوئل بنایا جائے گا جس کا نام پَون پترا بھائی جان ہوگا۔
ساتھ میں سلمان خان نے یہ بھی بتایا تھا کہ فلم کا اسکرپٹ بھی تیار ہوگیا ہے، جس کی کبیر خان نے تردید کی تھی۔
تاہم حالیہ انٹرویو کے دوران کبیر خان نے کہا کہ میں نے تو اب تک اسکرپٹ پڑھا تک نہیں ہے، لیکن مجھے یقین ہے کہ وجیندرا سر کچھ بہترین ہی لکھیں گے۔
کبیر خان نے بجرنگی بھائی جان کے سیکوئل کے آئیڈیا کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں کبھی یہ سوچ کر فلم کا سیکوئل نہیں بناؤں گا کہ یہ کامیاب ہوگئی ہے، جب تک مجھے اس سے متعلق اچھی کہانی نہ مل جائے۔
ساتھ میں کبیر خان نے یہ بھی کہہ ڈالا کہ سلمان خان فلموں کے اعلان سے متعلق روایتی پروٹوکول نہیں اپناتے، وہ اپنے دل کی سنتے ہیں۔